پشاورسنٹرل جیل آئس ڈیلرفرار

پشاورسنٹرل جیل سے آئس ڈیلرفرار،عملہ کی دوڑیں لگ گئیں

ویب ڈیسک: پشاور کے سنٹرل جیل سے آئس ڈیلر پراسرار طور پر فرار ہوگیا ہے جس کے جیل سے فرار ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ قیدی کے مبینہ فرار کے بعد جیل عملہ کی دوڑیں لگ گئی ہیں ۔ جیل انتظامیہ نے ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر2اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس سمیت 9اہلکاروں کو معطل کرکے انکوائری بٹھا دی ہے۔ آئی جی جیل خانہ جات نے واقعہ کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے ۔ متعلقہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی زیر بحث رہا۔ ذرائع کے مطابق سنٹرل جیل پشاور کے عملے کی مبینہ غفلت و لاپرواہی کے باعث آئس کے الزام میں قید ملزم جیل سے اچانک غائب ہوگیا ۔ بتایا جارہا ہے کہ 3 ہزار سے زائد حوالاتی جیل کی مختلف بار کوں میں قید ہیں اور رات کے وقت قیدیوں و حوالاتیوں کو بارک یا چکیوں میں بند کیا جاتا ہے تاہم آئس کے الزام میں گرفتار ہونے والا حوالاتی سیف الرحمن مبینہ طور پر غائب تھا۔
جس پر عملے کی دوڑیں لگ گئیں۔ بتایا جارہا ہے کہ ملزم کی ضمانت درخواست بھی ہائیکورٹ سے خارج ہوگئی تھی۔ جیل میں خوراک پہنچانے اور قیدیوں کی منتقلی کیلئے گاڑیوں کی آمدورفت لگی رہتی ہے اور ایک خدشہ یہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئس ڈیلر مبینہ طور پر گاڑی میں فرار ہوا ہوگا تاہم اس حوالے سے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لینے سمیت دیگر پہلوئوں پر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ جیل سے آئس ڈیلر کے غائب ہونے پر ذرائع نے بتایا ہے کہ دو اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس سمیت 9اہلکاروں کو معطل کرکے انکوائری کے احکامات جاری کر دیئے گئے جبکہ آئی جی جیل خانہ جات کو بھی واقعہ سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ متعلقہ اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کیلئے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو بھی مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے ۔ سخت سیکورٹی انتظامات کے باوجود سنٹرل جیل سے مبینہ قیدی کے غائب ہونے پر مختلف سوالات اٹھ رہے ہیں تاہم انکوائری کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آسکیں گے۔

مزید پڑھیں:  پشاور، شجرکاری آلودگی سے بچانے کا اہم ذریعہ ہے، فضل حکیم یوسفزئی