این جی او کا ملازم

بڈھ بیر میں این جی او کا ملازم، چمکنی میں شہری قتل

ویب ڈیسک: بڈھ بیر میں این جی او کے ملازم کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا جبکہ چمکنی میں پانی کی باری پر جھگڑے کے بعد شہری کو قتل کر دیا گیا۔ این جی او کے ملازم کو مردان سے گھر آتے ہوئے پشاور کے علاقہ میں گولیاں ماری گئیں۔ مدعی شبیر اللہ سکنہ ماشو گگر نے بڈھ بیر پولیس کو بتایا کہ اس کا بھائی شفیع اللہ مردان میں این جی او میں ملازم تھا، جو چھٹی پر گھر آرہا تھا۔
رات کے وقت اس نے اہلیہ کو کال کرکے بتایا کہ وہ رنگ روڈ سے مڑ کر کوہاٹ روڈ پر ہے تاہم کافی دیر گزرنے کے بعد بھی شفیع اللہ نے رابطہ نہیں کیا جبکہ اس کا موبائل فون بند آرہا تھا۔ بعد میں معلومات کی تو ماما خیل قبرستان سے اس کی نعش برآمد ہوئی۔ مدعی نے بتایا کہ اسے شاہد، طاہر اور خلیل نے قتل کیا ہے کیونکہ ان کے ساتھ مستورات کا تنازعہ چلا آرہا ہے ۔
ادھر تھانہ چمکنی پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے زاہد حسین ولد جمال حسین سکنہ چمکنی نے حالت نزع میں بتایا کہ اس کا میرہ کچوڑی چوپال کے علاقہ میں ملزمان جمعہ خان، غفران، جاوید، عامر اور شاہ سوار کے ساتھ پانی کی باری پر جھگڑا ہو گیا جبکہ بعد میں ملزموں نے آکر اس پر فائرنگ کر دی۔ مدعی نے بتایا کہ اس پر جمعہ خان اور غفران نے فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ مجروح کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔

مزید پڑھیں:  میر علی، نویں اور دسویں جماعت کے ہزاروں حل شدہ پرچے نظر آتش