مفت آٹاکیلئے حیات سپورٹس کمپلیکس میں بھی بدنظمی،پولیس سے تصادم

ویب ڈیسک: مفت آٹاکی تقسیم کے ناقص نظام کی وجہ سے آئے روز کے احتجاجی مظاہروں کے بعد شہریوں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ معمول بن گیاہے گذشتہ روز حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میںپولیس اور شہریوں کے مابین جھڑپ کے باعث میدان جنگ میں تبدیل ہو گیا اس موقع پر مشتعل مظاہرین نے سڑک بند کردی جس پر پولیس کی جانب سے آنسو گیس کا استعمال کیاگیاجس کے باعث بی آر ٹی سروس بھی عارضی طور پر روک دی گئی آنسو گیس کی بے تحاشا شیلنگ کے باعث فضا میں دور دور تک دھواں پھیل گیا جس کی وجہ سے مظاہرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور سٹیڈیم کی قریبی آبادی بھی شدید طور پرمتاثر ہو ئی نصف گھنٹے سے زائد جھڑپوں کے بعد سڑک کو کھول دیا گیا واضح رہے کہ گزشتہ رو زحیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں آٹا تقسیم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا
جس کے حصول کیلئے آنے والے شہریوں نے انتظار کے بعد زبردستی سٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش کی اور پولیس اور شہریوں کے درمیان تکرارکا سلسلہ شروع ہوگیا ا س دوران شہری مشتعل ہوگئے اور پولیس اہلکاروں پر پتھرائو کیا اور زبردستی سپورٹس کمپلیکس میں جانے کی کو شش میں دھکم پیل پرپولیس اور شہریوں کے درمیان باقاعدہ جھڑپ شروع ہو گئی
مظاہرین نے سٹیڈیم سے منسلک روڈ کو پتھر اور اینٹیں ڈال کر ٹریفک کیلئے بند کردیا اور تمام علاقہ میدان کارزار بن گیا مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے آنسو گیس کے شیل پھینکے جس کے جوابی ردعمل میں مظاہرین نے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں شدید توڑ پھوڑ شروع کردی دوسری جانب پولیس کی کم تعداد کے پیش نظر حالات کنٹرول سے باہر ہوگئے اور اضافی پولیس طلب کی گئی انتظامیہ نے مزیدتوڑ پھوڑسے بچنے کیلئے بی آر ٹی سروس بھی عارضی طور پر بند کردی بعد ازاں لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے استعمال سے مظاہرین کو منتشر کردیا اس ضمن میں محکمہ داخلہ وقبائلی امور کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ جب سے آٹا کی مفت تقسیم کا سلسلہ شروع کیا ہے مختلف اضلاع بشمول پشاور میں6ہزار سے زائد تھیلے لوٹے گئے ہیں جن میں چھ سوسے زائد آٹا کے بیگ لٹ چکے ہیں جبکہ بھگدڑ کے واقعات میں تین سے زائد افراد جاں بحق بھی ہوئے ہیں تاہم اس سلسلے میں تاحال مفت آٹاکی فراہمی کیلئے کوئی نظام وضع نہیں کیاگیاہے جس کے نتیجے میںپولیس اور شہریوں کے درمیان جھڑپیں مزید خطرناک شکل اختیار کرنے کا خدشہ ہے ۔

مزید پڑھیں:  ہوائی فائرنگ ایک اور بچے کی زندگی نگل گئی، پولیس خاموش