سنٹرل جیل قیدی گروپوں میں تصادم

سنٹرل جیل قیدی گروپوں میں تصادم،ایک قیدی زخمی،عملہ پر بھی تشدد

ویب ڈیسک: پشاور سنٹرل جیل میں ایک بار پھر دو گروپوں کے درمیان خونریز تصادم میں تیز دھار آلہ کے وار سے ایک قیدی شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ قیدیوں نے جیل عملے کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا ہے جس کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی قیدیوں کے درمیان لڑائی جھگڑوں کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں ۔ ذرائع کے مطابق سنٹرل جیل پشاور میں قیدی بلاک والے گروپ نے حوالاتی گروپ کے بلاک پر حملہ کر دیا ۔ جس کے نتیجے میں سکندر زیب نامی حوالاتی شدید زخمی ہو گیا اس پر تیز دھار آلے سے وار کئے گئے جس سے اس کی حالت غیر ہوگئی تھی۔
دو گروپوں میں لڑائی کی خبریں سوشل میڈیا گروپوں کی بھی زینت بنیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سکندر زیب کے چہرے اور سینے پر زخم آئے ہیں اسے تشویشناک حالت میں ایل آر ایچ منتقل کر دیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ قیدیوں نے سزائے موت کی سزا والے مجرموں کی بیرکوں اور چکیوں پر بھی حملہ کر دیا تھا ۔ اس دوران مداخلت پر پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ حال ہی میں جیل کے اندر تصادم کے نتیجے میں اسفند یار نامی قیدی کے کان کاٹ دیئے گئے تھے ۔ تصادم کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے پہنچ کر حالات کو قابو کیا۔

مزید پڑھیں:  بنوں میں حساس ادارے کے سب انسپکٹر کو قتل کردیا گیا