34 ویں نیشنل گیمز کے مقابلوں کا شیڈول جاری

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے اگلے ماہ کوئٹہ میں ہونے والی 34 ویں نیشنل گیمز کے مقابلوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ نیشنل گیمز میں ملک بھر سے کھلاڑی 32 مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گے۔ 4 گیمز ملک کے دیگر شہروں میں ہونگی۔ جن میں روئنگ کے مقابلے 14 سے 18 مئی تک اسلام آباد میں ہونگے۔ سیلنگ کے مقابلے پہلی بار کراچی کے علاوہ گوادر میں بھی منعقد کئے جائیں گے۔ شوٹنگ کے مقابلے 13 سے 19 مئی تک جہلم اور تیراکی کے مقابلے 26 سے 28 مئی تک لاہور میں ہونگے۔ باقی کے 28 گیمز کے مقابلے کوئٹہ میں منعقد کئے جائیں گے۔ پہلی مرتبہ کنوئے اور کایک (کشتی رانی) سمیت فٹسال، تھرو بال اور ویمن کرکٹ کے نمائشی مقابلے بھی نیشنل گیمز کا حصہ ہوں گے تاہم ان گیمز کے فاتحین کے میڈلز نیشنل گیمز میں شمار نہیں کئے جائیں گے۔ دیگر کھیلوں میں بیس بال، فٹ بال، ہینڈ بال، ہاکی، کبڈی، رگبی (سیون)، سافٹ بال، رسہ کشی، والی بال، بیڈمنٹن، باکسنگ، فینسنگ، آرچری، ایتھلیٹکس، باسکٹ بال (5×5)، باڈی بلڈنگ، سائیکلنگ، گالف، جوڈو، کراٹے، سکواش، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، ٹینس، ویٹ لفٹنگ، ریسلنگ اور ووشو شامل ہیں۔ یہ تمام مقابلے کوئٹہ کے مخلتف اسٹیڈیم میں منعقد ہونگے۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کو ویسٹ ایشیا بیس بال کپ کی میزبانی مل گئی