ساتھی کھلاڑی کو مارنے کے الزام میں سادیو مانے ٹیم سے باہر ہو گئے

بایرن میونخ نے یورپین لیگ کے میچ میں سادیو مانے کو اپنی ہی ٹیم کے کھلاڑی کے ساتھ مار پیٹ کرنے کے الزام میں ٹیم سے باہر کر دیا ہے۔ چیمپیئنز لیگ کے ٹاکرے میں مانچسٹر سٹی سے 3-0 کی شکست کے بعد سے بایرن میونخ کے ڈریسنگ روم کا ماحول سازگار نہیں ہے۔ جس کی تصدیق اس واقعے سے بھی ہوتی ہے کہ سادیو مانے نے کسی بات پر تکرار اور پھر تلخ کلامی کے بعد اپنی ٹیم کے کھلاڑی لیروئے سانے کو تھپڑ مار دیا۔ بایرن نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سینیگال فارورڈ مانے کو ”بدانتظامی” کی وجہ سے خارج کردیا گیا ہے اور اس پر جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔ بایرن نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ ہوفن ہائیم کے خلاف ہوم گراؤنڈ کے میچ میں سادیو مانے ایف سی بایرن کے سکواڈ کا حصہ نہیں ہونگے۔ مانے جون میں تین سالہ معاہدے پر لیورپول سے 35 ملین ڈالر معاوضے پر بایرن میں شامل ہوئے۔ انہوں نے بایرن کے تمام مقابلوں میں اپنے پہلے سات میچوں میں چھ گول اسکور کیے لیکن اکتوبر کے بعد سے اس نے گول نہیں کیا۔ مانے نے لیورپول کے لئے269 مقابلوں میں120 گول اسکور کیے تھے ، نومبر میں بایرن کے لئے کھیلتے ہوئے گھٹنے کی چوٹ کی وجہ سے قطر ورلڈ کپ سے محروم ہوگئے ، جس نے انہیں نو کلب مقابلوں سے بھی باہر رکھا۔

مزید پڑھیں:  پاکستان ایشین والی بال کا چمپئن بن گیا