دہشتگرد-زمان-پارک

تحریک انصاف زمان پارک میں موجود دہشتگردوں کو پولیس کے حوالے کرے، عامر میر

نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ جناح ہاؤس حملے میں ملوث 30 سے 40 دہشتگرد زمان پارک میں موجود ہیں، پی ٹی آئی لیڈرشپ کو 24 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی جاتی ہے کہ انہیں پنجاب پولیس کے حوالے کیا جائے۔
ویب ڈیسک: لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عامر میرکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے درخواست ہے کہ 24 گھنٹے میں ان دہشت گردوں کو پنجاب پولیس کے حوالے کیا جائے ورنہ قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
عامر میرکا کہنا تھا کہ فیصلہ ہوگیا ہےکہ دہشت گردوں کا ٹرائل فوجی عدالت میں ہوگا، 3400 ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں، 254 مقدمات درج ہیں، شناخت کا عمل جاری ہے۔
نگران وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے شرپسندوں کیخلاف پولیس کے بندھے ہاتھوں کو کھول دیا ہے، اب کسی نے ریاست کی رٹ چیلنج کی تو یاد رکھیں فواد چوہدری سے زیادہ تیز دوڑ لگانا پڑے گی۔
نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والی خواتین دہشت گردی کے لیے اکسانے میں مردوں سے بھی آگے ہیں، پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے شرپسندوں نے ملٹری تنصیبات پر حملے کیے، ان واقعات کی منصوبہ بندی پہلے سے کی گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک نان اسٹیٹ ایکٹر کاروپ دھارتی جارہی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے گرفتاری سے پہلے دھمکی آمیز بیان دیا تھا، وہ ایک برس سے فوج اور اس کی قیادت کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے چلے آرہے تھے،
انہوں نے کہا نگران حکومت نے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے، حملہ آسانی سے روکا جا سکتا تھا لیکن پولیس کو اسلحہ استعمال کرنے کی اجازت نہیں تھی، نگران حکومت نہیں چاہتی تھی کہ لاشیں گریں، اب پنجاب پولیس کو فری ہینڈ دے دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کور کمانڈر ہاؤس میں حملے کے وقت کئی لوگوں کا رابطہ زمان پارک سے تھا، انہیں نشان عبرت بنایا جائے گا تاکہ آئندہ کوئی ایسی حرکت کرنے نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے ریڈ لائن کراس کی تھی، طےکرلیا گیا ہےکہ دہشت گردی کے اس وائرس کا علاج ویکسین سے نہیں سرجری سے ہوگا، اب جو شرپسند اسلحہ استعمال کرےگا، پولیس بھی جواب میں اسلحہ استعمال کرے گی۔

مزید پڑھیں:  آڈیو لیکس کیس، بنچ پر اعتراض واپس لینے کی آئی بی کی درخواست خارج