جنوبی افریقہ زہریلی گیس

زہریلی گیس کے اخراج سے جنوبی افریقہ میں 16 افراد ہلاک

جوہانسبرگ(ویب ڈیسک)جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کے مشرقی علاقے بوکسبرگ کی ایک بستی میں زہریلی گیس کے اخراج سے 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
ایمرجنسی سروس کے اہلکاروں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں سے کسی کی نعش کو ہسپتال نہیں لے جایا گیا تاہم امدادی ٹیمیں اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں اور خدشہ ہے کہ علاقے سے مزید لوگوں کی نعشیں بھی مل سکتی ہیں۔
یہ سانحہ کرسمس پر ہونے والے گیس ٹینکر دھماکے کے 6 ماہ بعد ہوا جس میں اسی قصبے میں 41 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ایمرجنسی سروسز کے ترجمان کے مطابق ہلاکتیں ایک جھونپڑی میں رکھے گئے نائٹریٹ آکسائیڈ کے سلنڈر سے گیس لیک ہونے کی وجہ سے ہوئیں، جو غیر قانونی کان کنوں کی طرف سے جھونپڑی کے اندر سونے کی پروسیسنگ کے لئے استعمال کیا جا رہا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں 1، 6 اور 15 سال تھیں جبکہ 2 افراد کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ جوہانسبرگ کے آس پاس سونے سے مالا مال علاقوں میں غیر قانونی کان کنی عروج پر ہے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل رفح پر حملہ سے باز رہے، انتونیو گوتریس