نگران سیٹ اپ معاملات

نگران سیٹ اپ، نواز زرداری ملاقات میں معاملات طے

ویب ڈیسک: نواز شریف اور آصف زرداری کی دبئی میں ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئِی، نگران سیٹ اپ میں سیاسی اور سابق جوڈیشری کے افراد کو رکھنے کا فیصلہ، ناموں کو قبل از وقت میڈیا اور جماعتی میٹنگ میں نہ لانے پر اتفاق، انتخابات مقررہ وقت پر کرانے پر فوکس۔ ذرائع کے مطابق اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر ن لیگ میں 12 اگست کی رات قومی اسمبلی تحلیل کرنے پر مشاورت جاری ہے، شہباز شریف اتحادی قائدین سے نگران سیٹ اپ پر باضابطہ مشاورت کریں گے، اسمبلی کا الوداعی سیشن بلایا جائے گا، شہباز شریف رواں ماہ کے آخر میں مشاورتی عمل مکمل کر لیں گے۔ نگران سیٹ اپ میں کون شامل ہوگا، نواز زرداری ملاقات میں معاملات طے پا گئے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری کی دبئی ملاقات میں انتخابات کے فوری انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابی اصلاحات اور نگران سیٹ اپ کے حوالے سے بھِی اہم معاملات طے پا گئے۔ دونوں بڑی جماعت کے سربراہوں کی دبئی ملاقات چارٹر آف ڈیموکریسی کا تسلسل تھی، ملاقات میں وفاق سمیت سندھ اور بلوچستان میں نگران سیٹ اپ کا فارمولا بھی طے کیا گیا۔
وفاق میں نگران سیٹ اپ میں ن لیگ کے تجویز کردہ افراد کی تعداد زیادہ ہوگی جبکہ پیپلزپارٹی اور دیگرجماعتوں کی نمائندگی تناسب کے حساب سے ہوگی۔ نگران وفاقی حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر انتخابات مقررہ وقت پر کرائے گی، نگران سیٹ اپ میں مضبوط ٹیکنوکریٹس نہ لانے پر بھی اتفاق ہوا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت نے اہم ناموں پر مشاورت شروع کر دی ہے۔

مزید پڑھیں:  ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ہیلی کاپٹر حادثے میں‌ عملہ سمیت جاں بحق