اینٹ سے اینٹ بجا دی

عمران خان نے ایک اینٹ نہیں لگائی لیکن ملک کی اینٹ سے اینٹ بجا دی، شہباز شریف

ویب ڈیسک: وزیرِاعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام ہمارے لئے حلوہ نہیں بلکہ چیلنج ہے۔ لاہور میں یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہونے پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی گئیں، روپے کی قدر میں استحکام کا ریلیف عوام کو دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے خلاف سازشوں کو دفن کر دیا گیا ہے، چند دن قبل پاکستان کے خلاف اسرائیل کا بیان آیا تھا، اللّٰہ تعالیٰ نے تمام سازشوں کو نیست و نابود کر دیا۔ وزیرِاعظم کا کہنا ہے کہ ملک کی قسمت کے لئے یکسو ہو جائیں تو کوئی راستہ نہیں روک سکتا، بی آر ٹی، مالم جبہ، چینی سکینڈل اور 190 ملین پاونڈ سکینڈل ہمارے زمانے میں تو نہیں ہوا۔ شہباز شریف نے کہا کہ جس کو بھی آپ عوام آگے لائیں گے ہم تسلیم کریں گے۔
نواز شریف کو اگر موقع دیا تو وعدہ ہے کہ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لے کر جائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک بھی سفارش پر اگر کسی کو لیپ ٹاپ ملا تو قوم سے معافی مانگوں گا، ہر وقت قوم کو دھوکا دینے اور الزامات لگانے سے بڑی ملک دشمنی ہو ہی نہیں سکتی۔ مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ عوام حقائق کی بنیاد پر انتخابات میں ووٹ دیں، عوام ووٹ دیتے وقت گزشتہ 4 سال کی تباہی کو نظر میں رکھیں، انتخابات میں عوام جو بھی فیصلہ کریں گے، من و عن قبول کریں گے۔
میٹرو لاہور 30 ارب روپے میں 11 ماہ میں بنا تھا۔ شہباز شریف کا مزید کہنا ہے کہ آپ نے جو کیا وہ احتساب نہیں تھا بلکہ انتقام تھا، آپ نے اپنی اہلیہ کا کیوں تحفظ کیا، آپ نے مالم جبہ کیس کے ملزمان کو کلین چٹ کیوں دی؟ وزیرِاعظم نے یہ بھی کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے ایک اینٹ نہیں لگائی لیکن اینٹ سے اینٹ بجادی۔

مزید پڑھیں:  پشاور:سواتی پھاٹک میں چھت گرنے سے 4بچے ملبے تلے دب گئے