12 افراد جاں بحق

اسلام آباد: گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گرنے سے 12 افراد جاں بحق

راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے دوران پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر 12 افراد جاں بحق۔
ویب ڈیسک: پولیس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں موسلا دھار بارش کے دوران پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گرگئی جس کے نتیجے میں دیوار کے نیچے دب کر 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ حادثے کے بعد ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے دیوار کے ملبے سے مشینوں کی مدد سے 12 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق گرنے والی دیوار تقریباً 100 فٹ لمبی اور 11 فٹ اونچی تھی، دیوار کی آڑ میں پل کی تعمیر کے لیے موجود مزدوروں نے ٹینٹ لگا رکھا تھا، حادثے کے بعد مزید افراد کی تلاش کے لیے مشین کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی میں طوفانی بارش کے بعد پاک فوج کے دستے نالہ لئی پہنچ گئے ہیں اور کمشنر راولپنڈی کی ہدایت پر کٹاریاں اور گوالمنڈی سے شہریوں کا انخلا شروع کردیا گیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر مری نے عملے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لفٹرز اور بریک ڈاونز پیٹرولنگ حالت میں رہیں، شہریوں اور سیاحوں کو ہر ممکنہ مدد فراہم کریں۔

مزید پڑھیں:  پی سی بی مینجمنٹ سے اختلافات پر سپر لیگ کمشنر نائلہ بھتی مستعفی