ریاض شہید پولیس چوکی حملے

خیبرپختونخوا میں بڑھتی دہشتگردی، ایک سال میں 665 واقعات رونما

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں دہشتگردی نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا، گزشتہ 3 دنوں کے دوران پشاور اور ضلع خیبر میں دہشتگردی کے 3 بڑے واقعات رونما ہو چکے ہیں جبکہ ایک سال کے دوران خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے 665 واقعات رونما ہوئے۔ ذرائع کے مطابق 18 جولائی کو پشاور کے علاقہ حیات آباد میں خودکش حملہ آور نے فرنٹئیر کور کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس سے ایف سی کے 7 اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے، اس حادثہ کو ابھی 30 گھنٹے بھی نہ گزرے ہوں گے کہ ریگی میں ناکہ بندی پر مامور پولیس اہلکاروں پر دہشتگردوں نے جدید اسلحہ سے اندھا دھند فائرنگ کی جس سے 2 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ دہشتگردوں نے تیسرا حملہ باڑہ میں کیا اور تحصیل کمپاؤنڈ میں گھسنے کی کوشش کی تاہم ناکامی پر خود کش حملہ آوروں نے خود کو اڑا دیا اس واقعہ میں 4 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔
خیبرپختونخوا میں ایک سال کے دوران دہشتگردی کے 660 سے زیادہ واقعات پیش آئے، سب سے زیادہ 140 واقعات شمالی وزیرستان میں ہوئے جبکہ ڈی آئی خان میں 81، پشاور میں 56، باجوڑ میں 55 اور جنوبی وزیرستان میں 49 دہشتگردی کے واقعات رونما ہوئے۔
محکمہ انسداد دہشتگردی نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران دہشتگروں کے خلاف 1152 آپریشنز کیے، اس دوران 432 شدت پسندوں کو گرفتار جب کہ 139 دہشتگرد مارے گئے۔

مزید پڑھیں:  روس :شہریت کی درخواست میں باحجاب تصویرکی اجازت مل گئی