بارشوں و سیلاب کی صورتحال

شدید بارشوں و سیلاب کی صورتحال، صوبہ بھر میں الرٹ

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات، اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے صوبے میں جاری بارشوں و سیلاب کی صورتحال پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کی ہدایت پر صوبے بھر میں متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور وہ ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔
بارشوں و سیلاب سے زیادہ متاثرہ اضلاع اپر و لوئر چترال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے ضلع مانسہرہ میں چھت و دیوار گرنے سے خاتون اور بچے سمیت 3 افراد کے جاں بحق ہونے پر دلی دکھ کا اظہار کیا۔ نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے چترال میں گھروں کو نقصان پہنچا ہے، لوئر چترال میں بھاری مشینری سے رابطہ سڑکیں بحال کی جا رہی ہیں جبکہ اپر و لوئر چترال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں حساس علاقوں سے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے اور متاثرہ خاندانوں کو کھانے پینے کی اشیاء اور خشک راشن فراہم کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوا اسمبلی :مالی سال 24/2023کا بجٹ منظوری کیلئے پیش