باجوڑ شہداء 20 لاکھ روپے

باجوڑ دھماکے کے شہداء کیلئے فی کس 20 لاکھ روپے کا اعلان

ویب ڈیسک: گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے باجوڑ حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لئے فی کس 20 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لئے 7 لاکھ روپے فی کس دینے کا اعلان کیا ہے۔ باجوڑ میں سول کالونی خار جرگہ ہال میں شہدا کی یاد میں منعقدہ تقریب میں مولانا فضل الرحمان اور گورنر غلام علی نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم اس ملک میں پرامن سیاسی جدوجہد کر رہے ہیں، ہماری کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں، باجوڑ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت اور ریاست کی بھی کچھ ذمہ داریاں ہیں جن کو پورا کیا جائے، باجوڑ سمیت دیگر علاقوں میں ہمارے علماء کو کیوں شہید کیا جارہا ہے، سندھ کے پشتونوں کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے، دشمن ان شہادتوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ اقوام متحدہ سے لیکر چین ایران سعودی عرب نے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے، میں نے ہر جگہ پر باجوڑ کے علماء کے قتل عام پر آواز اٹھائی ہے، کل پشتونوں کا جرگہ بلایا ہے میں سابقہ گورنر انجنئیر شوکت اللہ خان سمیت آپ تمام مشران کو جرگے میں شرکت کے دعوت دیتا ہوں۔
مولانا فضل الرحمان نے باجوڑ خودکش حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے اپنی جانب سے فی کس 5 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لئے فی کس 3 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے جاں بحق افراد کے لئے لواحقین کے لئے فی کس 20 لاکھ روپے اور زخمیوں کیلیے فی کس7 لاکھ امداد کا اعلان کیا۔

مزید پڑھیں:  صوابی میں رکشہ پر فائرنگ سے ماں بیٹی جاں بحق