قومی پرچم کی تعظیم

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم آزادی کے موقع پر ہارن اور باجے کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی،ضلعی انتظامیہ کے مطابق 14 اگست کے موقع پر اسلام آباد میں ہارن اورباجے کے استعمال پرسختی سے پابندی عائد کر دی گئی ہے،ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر ہارن اور باجے بجانے پر دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا گیا ہے جبکہ خلاف ورزی پر سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔وفاقی دارالحکومت کی طرح خیبر پختونخوااوربالخصوص پشاور میں اسطرح کے اقدام کی شدت سے ضرورت محسوس کی جارہی ہے ابھی یوم آزادی میں چند روز باقی ہیں لیکن جس طرح شہریوںکا سکون غارت کرنے والے اقدامات منچلوں نے شروع کر رکھا ہے اس کانوٹس لینے والا کوئی نہیں ا نتظامیہ ہر بار اس وقت خواب خرگوش سے جاگتی ہے جو شہر کو سیلاب لے جا چکا ہوتا ہے جس طرح اسلام آباد میں پابندی عاید کی گئی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اس طرح کی پابندی یہاں بھی عائد کی جانی چاہئے اور اگر انتظامیہ نے رسماً اس کااعلان کیا بھی ہے تو اس پرعملی طور پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے اقدامات میں مزید تاخیر نہیں ہونی چاہئے یوم آزادی کے موقع پر ایک اور قابل توجہ عمل چھوٹے چھوٹے جھنڈیوں کے بکھرنے اور قومی پرچم کی عظمت کا خیال نہ رکھنے کا ہے یوم آزادی کے دن سے ہی یہ جھنڈیاں سڑکوں اور راستوں پرکوڑے کرکٹ کے ڈھیر پرپڑی نظر آتی ہیں جو قومی پرچم کی توہین اور بے حرمتی ہے جس کا ارتکاب جانے انجانے ہوتا ہے اور یہ ہر بار کا مشاہدہ بن چکا ہے۔ اس ضمن میں شہریوں کو اپنی ذمہ داری نبھانی چاہئے قوم پرچم خواہ وہ جھنڈے کی صورت میں ہو یا جھنڈیوں کی صورت میں اس کا احترام یقینی بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ بچوں کی تربیت اور ان کو قومی پرچم کی عظمت بتانے کا بھی یہ اچھا موقع ہے ان سے عملی طور پر جھنڈیوں کی باحفاظت استعمال کے بعد ان کو سنبھال کر رکھنے کی طرف متوجہ کیا جانا چاہئے اور عملی طور پر ایسا کرکے بچوں کوسکھانا چاہئے تاکہ ہماری قومی عظمت کے نشان یوں سڑکوں اور چوراہوں پر بے وقعت نہ پڑے ہوں۔توقع کی جانی چاہئے کہ اس ضمن میں انتظامیہ بھی اپنا کردارادا کرے گی اور اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ جہاں کہیں بھی اس طرح کی جھنڈیاں پڑی نظر آئیں عملہ صفائی سے ان کو بروقت اٹھوایا جائے گاجبکہ اس حوالے سے شعور اجاگر کرنے کی بھی ذمہ داری تاخیر سے ہی سہی ادا کرنے کی سعی ہو گی اور قومی پرچم کی تعظیم کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کی ذمہ داری نبھانے میں کوئی دقیقہ فرد گزاشت نہیں کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  سرکاری ریسٹ ہائوسز میں مفت رہائش