ملک کے 8ویں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

انوار الحق کاکڑ نے غیر جانبدار وزیراعظم کا کردار ادا کرنے کیلئے سینیٹ اور بلوچستان عوامی پارٹی کے عہدوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔ ان کی ذمہ داریوں میں شفاف انتخابات کرانا شامل ہے۔
ویب ڈیسک: ملک کے 76 یوم آزادی کے دن پاکستان کے 8 ویں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے عہدے کا حلف اٹھا لیا، ان سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عہدے کا حلف لیا، تقریب میں سابق وزیراعظم شہباز شریف کے علاوہ سابق وفاقی وزرا بھی شریک تھے۔ خیال رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے نگران وزیراعظم کے لیے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کے نام کی منظوری دی تھی جس کے بعد صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بھی سمری پر دستخط کر دیئے تھے۔ انوار الحق کاکڑ نے بطور نگران وزیراعظم غیر جانبدار رہنے کے لیے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دیدیا جسے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے منظور کر لیا ہے۔ خیال رہے کہ نامزد نگران وزیراعظم نے گزشتہ روز سینیٹ اور بلوچستان عوامی پارٹی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق انوار الحق کاکڑ نے اس عہدے سے استعفیٰ اس لیے دیا ہے کیونکہ وہ غیر جانبدار نگران وزیراعظم بننا چاہتے ہیں، میڈیا ادارے نے ان کے حوالے سے بتایا کہ ملک میں صاف اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانا ان کی ذمہ داری ہے جس کے لیے وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ تعاون کریں گے۔ سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے نگران وزیراٰظم کا استعفیٰ منظور ہونے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا۔

مزید پڑھیں:  اسلام آباد میں غزہ کیمپ پر گاڑی چڑھا دی گئی ، 2افراد جاں بحق