یوم آزادی پرعوام کو ایک اور جھٹکا، پٹرول کی قیمتیں بڑھنے کا عندیہ

پٹرول کی قیمت میں 14 روپے فی لٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 24 روپے فی لٹر اضافہ متوقع ہے۔
ویب ڈیسک: پاکستان کے 76 یوم آزادی کے موقع پر عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا تحفہ ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہاہے، ذرائع کے مطابق یوم آزادی پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوام کو آئندہ 15 روز کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا تحفہ ملنے امکان ہے۔ گزشتہ 15 روز کے دوران عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد پٹرول کی قیمت میں 14 روپے فی لٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 24 روپے فی لٹر اضافہ متوقع ہے۔ حکومت پہلے ہی یکم اگست 2023 سے پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 20 روپے کا اضافہ کرچکی ہے۔ عالمی مالیاتی فنڈ کے قرضوں کی شرائط نے حکومت کو مجبور کیا کہ وہ بڑھتی ہوئی اشیاء کی قیمتوں کا بوجھ عوام پر ڈالے۔
گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ریفائنڈ مصنوعات کی قیمتیں 13 ڈالر فی بیرل اضافے سے 111 ڈالر فی بیرل اور پٹرول کی قیمت 7 ڈالر فی بیرل اضافے سے 97 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت پٹرول پر 55 روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل پر 50 روپے فی لٹر پٹرولیم لیوی وصول کر رہی ہے، ان کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ اگست میں افراط زر کو متاثر کرسکتا ہے۔

مزید پڑھیں:  یوسف رضا گیلانی کو موبائل فون پر دھمکی آمیز میسج موصول