پی ٹی آئی کا غرور توڑ

ہماری پارٹی پی ٹی آئی کا غرور توڑ کے رکھ دے گی، پرویز خٹک

ویب ڈیسک: پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین نے اپنی سیاست کا آغاز کر دیا ہے اور پہلے پاور شو میں شرکاء نے بھرپور شرکت کی، نوشہرہ میں ہونے والے جلسے کے دوران چیئرمین پی ٹی آئِی پارلیمنٹیرین پرویز خٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام نے آج جلسہ میں شرکت کر کے میرا سر فخر سے بلند کر دیا، انہوں نے پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جس پارٹی کا لیڈر ٹھیک نا ہو وہ لوگوں کی کیا تربیت کرے گا، عمران خان کہتا ہے سب چلے جائیں مجھے پرواہ نہیں لیکن میں کہتا ہوں خان صاحب آپ سے اب یہ شہر چلا گیا ہے۔ انہوں نے نئے پاکستان کے نام پر مجھے کیا سب کو بیوقوف بنایا، ان کی سیاست کا دور ختم ہو گیا، پورے صوبے سے پی ٹی آئی کا صفایا کریں گے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری پارٹی صوبے کے کونے کونے میں پھیل کر پی ٹی آئی کا غرور توڑ کے رکھ دے گی، ہر موڑ پر انہیں ٹف ٹائم دینگے، میں ہر ضلع میں آپ کو بتاوں گا کہ لوگ پی ٹی آئی چھوڑ کر ہماری پارٹی میں آئیں گے جس سے پی ٹی آئی کا صفایا ہو جائیگا، عمران خان بتائیں آپ نے پنجاب کو کیا دیا، اس موقع پر پارٹی کے مرکزی قائدین بھی سٹیج پر موجود تھے، پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات ضیاء اللہ بنگش نے بھی خطاب کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین نے اپنی تقریر میں کہا کہ آج سے پارٹی کا آغاز ہوگیا اور پورے صوبے میں ایک بڑی پارٹی پھیل جائے گی۔ ہماری پارٹی گالم گوچ کی سیاست نہیں کریگی۔ انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ کا مشن میرا تھا اس کا آئِیڈیا میں نے دیا تھا۔ جلسہ سے سابق وزیراعلیٰ محمود خان نے بھی خطاب کیا، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس ملک میں 130 پارٹیاں رجسٹرڈ ہیں، پارلیمنٹرین پارٹی نے آج نوشہرہ سے آغاز کیا اور کے پی کے میں ہماری حکومت ہوگی۔ اس کے بعد پارلیمنٹرین کو ملکی سطح پر لے کر جائینگے۔

مزید پڑھیں:  نجکاری کیلئے 25سرکاری اداروں کی فہرست قومی اسمبلی میں پیش