بلا امتیاز احتساب کی ضرورت

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق صوبائی وزیر سمیت پیپلز پارٹی کے قریبی 60سے زائد سرکاری افسران کے نام بھی سٹاپ لسٹ میں شامل کئے گئے ہیں۔ذرائع نے بتایاکہ پی پی کے قریبی سرکاری افسران کے خلاف بھی نیب کراچی میں انکوائریاں کھولے جانے کا امکان ہے۔وطن عزیز میں سیاست اور احتساب کا ایک ساتھ چلنا اور سیاسی ضرورت کے تحت احتساب ہونا وہ المیہ ہے جس کے باعث نہ تو سیاست اصولوں کی ہوتی ہے اور نہ ہی احتساب کی بیل منڈھے چڑھتی ہے سیاسی ضرورتیں اور ترجیحات تبدیل ہوں تو ملزمان جیل سے بیروںملک بھجوائے جاتے ہیں اور جیلوں میں قید ان کے ساتھیوں پر شکنجہ ڈھیلا کردیا جاتا ہے رفتہ مقدمات ایک طرف اور نہ صرف ان کی رہائی ہوتی ہے بلکہ وہ مستند اقتدار کی طرف گامزن بھی ہوتے ہیں دو بڑی سیاسی جماعتوں کی قیادت با آسانی مثال دی جا سکتی ہے عین ممکن ہے کہ ایک اہم قیدی کے بارے میں بھی کسی دن اچانک اس طرح کی کوئی خبر سننے کو ملے سندھ میں احتساب کے عمل پر اعتراض مقصد نہیں احتساب کاعمل ملک گیر اور تمام جماعتوں کے حکومتوں میں شامل اور اہم عہدیداروں جن کے خلاف بدعنوانی کے الزامات ہوں سبھی کے خلاف کارروائی بلا امتیاز شروع ہونی چاہئے سندھ میں احتساب اور پیپلزپارٹی کو شکنجے میں لانے کا عمل احتساب کی ضرورتوں کاحامل کس قدر ہوتا ہے اور اس کی سیاسی ضرورت اور ہئیت مقتدرہ سے کامیاب تعامل رکھنے والی کسی جماعت یا جماعتوں کے لئے راستہ کیسے نکالا جاتا ہے اور آیا یہ تاثر درست بھی ہے یا نہیں فی الوقت اس بارے کچھ نہیں کہا جا سکتا البتہ پی پی پی کے دو ممتاز قانون دانوں کی تحریک انصاف کے قائد کے مقدمات میں غیرمعمولی دلچسپی اور ان کی مبینہ ناراضگی کے باوجود مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں شرکت کو پی پی پی اور تحریک انصاف کے درمیان ایک ممکنہ پل کے طور پر ضرور دیکھا جارہا ہے سندھ میں احتسابی عمل کو بھی سیاسی طور پر حال ہی کے حکومتی اتحادیوں کی ایک دوسرے پرعدم اعتماد اور درون خانہ مقتدرین سے ایک فریق کی معاملت کے شبے کا اظہار کیا جارہا ہے اگر واقعی صورتحال اس طرح کی ہے تو اسے احتسابی عمل نہیں سیاسی ضرورت گردانا جائے گا اور اگر یکے بعد دیگرے تمام سیاسی جماعتوں میں موجود بدعنوان عناصریا پھر کم از کم مختلف محکموں اور اداروں میں بدعنوانیوں کا کھوج لگانے کے لئے تحقیقات کا عمل شروع ہوتا ہے تو پھر حقیقی احتساب کی توقع کی جا سکتی ہے بصورت دیگر نہیں۔

مزید پڑھیں:  پہلے تولو پھر بولو