محکمہ صحت مقروض

محکمہ صحت ادویات کی مد میں 126 کروڑ روپے کا مقروض

ویب ڈیسک: فنڈز کے بحران کی وجہ سے محکمہ صحت کے ذمے ادویات سپلائی کرنے والی کمپنیوں کے بقایاجات ایک ارب 26 کروڑ روپے سے بڑھ گئے ہیں۔ ان ادویات کو گذشتہ برس سپلائی کیا گیا تھا لیکن گزشتہ مالی سال کے دوران اس کیلئے ادائیگی نہیں کی گئی اور اب محکمہ صحت کے پاس ادائیگی کیلئے پیسے موجود نہیں۔ جس کی وجہ سے مذکورہ کمپنیوں سے مزید ادویات کو سپلائی نہیں کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ صحت نے گزشتہ مالی سال کے دوران سپلائی کمپنیوں سے ہسپتالوں کیلئے ادویات کی خریداری کی تھی
جن میں سے ایک ارب 26 کروڑ روپے تاحال جاری نہیں کئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے کمپنیوں کی جانب سے مسلسل درخواستوں کی روشنی میں محکمہ صحت نے صوبائی حکومت سے فنڈز جاری کرنے کی درخواست کی ہے لیکن اس پر غور نہیں ہوا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ فنڈز کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ان کمپنیوں سے مزید خریداری بھی نہیں کی جارہی اور اگر یہ پیسے جاری نہیں کئے گئے تو اس سے آگے چل کر پیچیدہ مسائل پیدا ہوں گے۔

مزید پڑھیں:  کیلیفورنیا یونیورسٹی میں فلسطین کے حمایتی طلبہ پر حملہ، متعدد زخمی