سرکاری ہسپتالوں میں مشینری خراب

سرکاری ہسپتالوں میں اضافی طبی مشینری خراب ہونے کا خدشہ

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے سرکاری ہسپتالوں میں قیمتی اضافی مشینری خراب ہونے کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے۔ صوبے کے اکثر ہسپتالوں میں ڈینٹل یونٹس اور پتھالوجی کا سامان پڑا ہے جس کو استعمال میں نہ لانے پر محکمہ صحت کی طرف سے کسی قسم کا ایکشن نہیں لیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبے کے تقریبا تمام رورل ہیلتھ سنٹرز اور بیسک ہیلتھ سنٹرز پر لیبارٹری ٹیسٹوں کا سامان، ایکسرے مشینیں اور ڈینٹل یونٹس اضافی ہیں۔ ان ہسپتالوں میں پہلے سے یہ قیمتی سامان درست حالت میں موجود تھا لیکن طبی سٹاف نہیں تھا۔ اس کو فعال بنانے کے بجائے مذکورہ سامان کا اضافی سٹاک ہسپتالوں کو سپلائی کیا گیا ہے۔ اس کے مقابلے میں اس مشینری کیلئے مطلوبہ سٹاف ہسپتالوں کو فراہم نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے گزشتہ 6 سالوں سے یہ سامان زنگ آلود ہو رہا ہے۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ اس سامان سے درجنوں ہسپتالوں کی ضروریات کو پورا کیا جاسکتا ہے اور استعمال نہ ہونے کی وجہ سے اس طبی سامان سے حکومت کو اربوں روپے کا نقصان ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ سامان پسماندہ اضلاع کے ہسپتالوں کے علاوہ نئے ہسپتالوں کی تعمیر مکمل ہونے پر بھی استعمال میں لایا جاسکتا ہے جبکہ غیر فعال مشینری کو بھی فعال بنایا جاسکتا ہے بصورت دیگر یہ تمام سامان ناقابل استعمال ہوجائے گا۔

مزید پڑھیں:  بلوچستان میں بارش برسانے والا ایک اور سسٹم داخل، الرٹ جاری