پشاور ڈینگی

پشاور میں پیشگی مہم کامیاب، ڈینگی کے صرف 51 کیسز رپورٹ

ویب ڈیسک: پشاور میں ڈینگی کی روک تھام کیلئے اقدامات کو کامیاب قرار دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے آگاہی کو کلیدی قرار دیدیا ہے اور کہا ہے کہ امسال پشاور میں صرف 51 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ صرف ایک مریض ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف محمد عمران اور دیگر متعلقہ حکام کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال پشاور شہر کے مختلف علاقوں سے ہزاروں ڈینگی کیسیز رپورٹ ہوئے تھے، شہر کے بعض پوش علاقے ڈینگی لاروے کی افزائش کے لئے ہاٹ سپاٹ سمجھے جاتے ہیں اس صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے پشاور کی انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کے اشتراک سے یکم جنوری سے ہی ڈینگی لاروے کے خلاف مہم کا آغاز کر دیا تھا، اس مہم کے دوران گھر گھر ٹیمیں گئی اور لاروے کی افزائش کے لئے موافق جگہوں کھلے پانی کے برتنوں، پرانے ٹائروں، جوتوں، گھروں کی چھتوں اور دیگر مقامات کے مسلسل معائنے اور مردوں اور خواتین کے ساتھ آگاہی سیشنز منعقد کی، جس کا نتیجہ آج سب کے سامنے ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی پوری کوشش ہے کہ عوام کے ساتھ مل کر پشاور شہر کو ڈینگی فری شہر بنانا ہے، اس مقصد کے حصول کے لئے روزانہ کی بنیاد پر اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں شہر کے مختلف علاقوں کے معائنوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ روزانہ کی بنیاد پر ڈپٹی کمشنر یا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف ڈینگی مکاو مہم میں پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی بھی صدارت کرتے ہیں، جس میں محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ ادارے روزانہ کی کارکردگی کے بارے معلومات فراہم کرتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر پشاور نے عوام سے اپیل کی کہ ڈینگی مکاو مہم کے سلسلے میں انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں اور اپنے گھروں اور اطراف پر نظر رکھیں اور جہاں بھی ڈینگی لاروے کی افزائش کا اندیشہ ہو فورا ًڈپٹی کمشنر افس میں قائم کنٹرول پر اطلاع دیں، انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ عوام میں انسداد ڈینگی اور پولیو سے متعلق اگاہی پھیلانے کے لئے اپنے چینلز اور اخبارات کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

مزید پڑھیں:  جمہوریت کی مضبوطی کیلئَے آزاد صحافت کا کردار مسلمہ ہے، علی امین گنڈاپور