ورلڈ کپ وارم اپ میچ، پاکستان کا نیوزی لینڈ کو 346 رنز کا ہدف

ویب ڈیسک: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں آج پاکستان اور نیوزی لینڈ حیدرآباد دکن میں مدمقابل آئے۔ میگا ایونٹ کے پہلے وارم اپ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 346 رنز کا ہدف دیا۔ ذرائع کے مطابق حیدر آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا، اوپنر امام الحق 10 گیندوں پر محض ایک رن جبکہ عبداللہ شفیق 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے 144 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کا سکور مستحکم کیا۔ کپتان بابراعظم 80 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ بعد ازاں وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور سعود شکیل نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور 159 رنز کی شراکت داری قائم کی، چوتھے آوٹ ہونے والے کھلاڑی سعود شکیل تھے جنہوں نے 75 رنز کی اننگز کھیلی، دوسرے اینڈ پر محمد رضوان نے بہترین بلے بازی کرتے ہوئے 94 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ شاداب خان 16 رنز کی اننگز کھیل کر 338 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹے،
پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 345 رنز بنائے۔ محمد رضوان 103 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوکر نمایاں بلے باز رہے جبکہ بابر اعظم 80 اور سعود شکیل نے 75 رنز کی اننگز کھیلی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے کرے گی۔

مزید پڑھیں:  رواں سال جج پرشدید گرمی ،سعودی محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا