سوات، تنازعے کے بعد خواتین کرکٹ میچ کا انعقاد، مینگورہ فتحیاب

ویب ڈیسک: ضلع سوات میں تنازعے کے بعد خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین کرکٹ میچ کا انعقاد کیا گیا جس میں مینگورہ کرکٹ ٹیم نے کبل کی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سات رنز سے ہرا کر کامیابی سمیٹ لی۔
گزشتہ اتوار کو سپورٹس کمپلیکس چار باغ میں خواتین ٹیموں کے درمیان پہلا میچ کینسل ہونے کے بعد تنازعہ کھڑا ہو گیا تھا۔
اس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے سوات کی تحصیل کبل میں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول میں میچ کا انعقاد کیا۔ میچ کے انعقاد پر خواتین کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ چارباغ میں انہیں کافی مایوسی ہوئی تھی لیکن انتظامیہ نے میچ دوبارہ منعقد کرکے دل جیت لئے۔ امید ہے ان میچز کا سلسلہ آگے بھی چلتا رہے گا۔
میچ میں کبل ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے مینگورہ کرکٹ ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 10 اوورز میں 129 رنز بنائے، مناہل نے 76 جبکہ مہوش نے 28 رنز بنائے۔ جواب میں کبل کی ٹیم نے جارہانہ انداز اپنایا جس میں شہلا نے 96 رنز بنائے لیکن اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکیں۔
میچ کے آخری اوورز میں کبل کی ٹیم کو 20 رنز درکار تھے تاہم وہ صرف 13 رنز بنا سکی اور اسی طرح مینگورہ نے کبل کو 7 رنز سے شکست دیدی۔
آخر میں مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر بابوزی لقمان خان، اسسٹنٹ کمشنر کبل جنید خان، تائیکوانڈو انٹرنیشنل گولڈ میڈلسٹ عائشہ آیاز، سوات پریس کلب کے صدر رفیع اللہ خان اور دیگر نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، سرٹیفیکیٹس اور نقد انعامات تقسیم کئے۔

مزید پڑھیں:  افغان سپنر راشد خان 4سال بعد کابل پہنچ گئے ،شاندار استقبال