ترقی کا نیا سفر

ن لیگ 2024 میں ملک میں ترقی کا نیا سفر شروع کریگی، احسن اقبال

سابق وفاقی وزیر اور ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ 2024 کے بعد ہم پھر سے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کاآغاز کریں گے، ملک ترقی کا نیا سفر شروع کرے گا۔
ویب ڈیسک: ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ 21 اکتوبر کو قائد نوازشریف وطن واپس آرہے ہیں، نوازشریف کی واپسی ایک سنگ میل کی حیثیت اختیار کرگئی ہے، 2013 میں سابق وزیراعظم کو آج سے مشکل حالات ورثے میں ملے تھے، پاکستان میں بدامنی عروج پر تھی، غیر ملکی سرمایہ کار بھاگ چکے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2017 تک مہنگائی، لوڈشیڈنگ، بیروزگاری ختم ہوگئی تھی، ایک بدترین سازش کے ذریعے نوازشریف کو نااہل کیا گیا، آج سازش کے کردار خود گواہی دے چکے ہیں کہ نوازشریف کے خلاف سازش ہوئی، پاکستان نے اس عمل کی بہت بھاری قیمت ادا کی، پاکستان پر ایک ناکامی مسلط کی گئی۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک شخص جس نے یونین کونسل تک نہیں چلائی تھی اس کو ایٹمی طاقت کی کنجیاں دے دی گئیں، عمران خان جب آئی ایم ایف سے معاہدہ کررہا تھا تو ہم نے کہا تھا اس کا نتیجہ بدترین مہنگائی کی صورت میں نکلے گا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ آج ہمیں چیئرمین پی ٹی آئی کے کئے گئے معاہدے کا خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے، ہم 2024 میں کامیاب ہو کر عوام کو مہنگائی سے نجات دلائیں گے، 2024 سے ترقی کا نیا سفر شروع ہو گا، ہم پھر پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کاآغاز کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کی عالمی شخصیت کے باعث ہم دوست ممالک سے مثالی تعاون کو بحال کرنے میں کامیاب ہوں گے، یقین ہے نوازشریف کی قیادت میں ملک معاشی بحالی کے عمل میں کامیاب ہو گا۔

مزید پڑھیں:  صدرمملکت کا کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم