آئی سی سی ورلڈ کپ کا ہائی وولٹیج ٹاکرا، روایتی حریف مقابلے کیلئے تیار

ویب ڈیسک: دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا آج ہونے جا رہا ہے، روایتی حریف پاکستان اور بھارت مقابلے کیلئَے تیار ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے سب سے بڑے مقابلے میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج احمد آباد کے نریندرا مودی کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔
کرکٹ کا ہائی وولٹیج ٹاکرا بھارت کے سب سے بڑے کرکٹ گراؤنڈ میں لگنے جا رہا ہے، روایتی حریف پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے گراؤنڈ میں اتریں گے۔ قومی ٹیم نریندرا مودی سٹیڈیم میں سبز ہلالی پرچم لہرانے کیلئے پرامید ہے جبکہ اعصاب شکن مقابلہ دیکھنے کیلئے شائقین کی بھی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود ہو گی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میگا ایونٹ میں کحیلا جانے والا ہائی وولٹیج ٹاکرا انتہائی اہم ہے اس لئے میچ سے قبل تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں بالی ووڈ سٹارز سمیت بھارتی گلوکار بھی پرفارم کریں گے جبکہ سابق کرکٹ سٹار بھی موجود ہونگے۔
بھارت کیخلاف بڑے مقابلے کیلئے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور سری لنکا کے خلاف کھیلنے والی پلئینگ الیون ہی میدان میں اترے گی۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ بھارت کیخلاف میچ کیلئے پرجوش اور پر اعتماد ہیں، ہم پر کوئی دباؤ نہیں، ٹاس اہم ہوگا، جانتے ہیں سٹیڈیم میں بھارت کو سپورٹ ملے گی، کوشش ہو گی کم سے کم غلطیاں کریں۔ بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ دونوں ٹیمیں برابر ہیں کسی کو فیورٹ قرار نہیں دیا جاسکتا، جو ٹیم اچھا کھیلے گی وہی کامیاب ہو گی۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے اہم ٹاکرے کو ایشز سے بڑا میچ قرار دے دیا جبکہ سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے کہا کہ پاک بھارت میچ کے دوران دنیا تھم جاتی ہے۔

مزید پڑھیں:  ہم سرکاری املاک، اپنے اداروں اور محکموں کا دفاع کرنا جانتے ہیں، عطا تارڑ