افغانستان کی مسجد میں زوردار دھماکہ، 7افراد جاں بحق،17زخمی

ویب ڈیسک: افغانستان کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکہ ہوا جس سے 7افراد جاں بحق جبکہ 17زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق افغان صوبے بغلان کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کے دوران حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اُڑا دیا، دھماکے میں 7افراد جاں بحق اور 17زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق امام زمان مسجد میں نماز جمعہ کے وقت زور دار دھماکہ ہوا، دھماکے سے مسجد کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔ 10 سے زائد افراد ملبے تلے دب گئے جبکہ بھگدڑ کی وجہ سے کئی افراد پیروں تلے روندے گئے جس سے زخمیوں کی تعداد بڑھ کر 17 تک جا پہنچی جبکہ 7 لاشیں بھی ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔ ذرائع کے مطابق طالبان کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ یہ ایک خود کش حملہ تھا، خودکش کی لاش کے ٹکڑوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں فرانزک کے بعد حملہ آور کی شناخت کی جا سکے گی۔

مزید پڑھیں:  صدرمملکت سے گورنر خیبرپختونخوا علی فیصل کنڈی کی ملاقات