قرآن کریم میں بھائیوں کے اختلافات سے بچاو کا طریقہ

خاندانی مسائل کی ضمن میں بھائیوں کا اختلاف ایک بہت بڑی بربادی کا سبب ہے، اگر ہم بچپن کی بات کریں تو کم عمری میں بھائی باہم الفت و محبت کی زندہ مثال ہوا کرتے ہیں، لیکن جیسے جیسے ان کی عمریں طویل ہوتی ہیں، ان میں چھوٹی چھوٹی باتوں میں اختلاف شروع ہو جاتا ہے اور یہی اختلاف آگے چل کر ایک جنگ کی صورت اختیار کر لیتا ہے، ان میں تفرقہ پڑ جاتا ہے، جس سے پورے گھر کی خوشحالی غم میں تبدیل ہو جاتی ہے، اور وہ گھر نمونہ جہنم بنتا ہوا نظر آتا ہے،
اللہ رب العزت کا بے پناہ فضل و احسان ہے کہ اس نے تمام اختلافات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ بھائیوں کے اختلافات کو بھی ختم کرنے کے طریقوں کو بیان فرما کر آپس میں محبت سے رہنے اور زندگی گزارنے کا طریقہ بتایا، ایک بھائی کی موجودگی دوسرے بھائی کے لیے کس قدر اہمیت کی حامل ہے، آئیے ملاحظہ کریں اللہ تبارک و تعالیٰ فرماتا ہے
ہم تیرے بازو کو تیرے بھائی سے تقویت بخشینگے (القصص 28,35)

مزید پڑھیں:  پوتے کو دادا کی میراث سے حصہ کیوں نہیں ملتا؟

پتہ چلا کہ بھائی اللہ تبارک و تعالٰی کی ایک بہت بڑی نعمت ہیں، کیونکہ اللہ ان کے ذریعے ہمارے بازؤوں کو قوت عطا فرماتا ہے، لہذا ہمیں اپنے بھائیوں سے محبت سے رہنا چاہیے، ان کی تعظیم و تکریم کرنی چاہیے اور ان کے حقوق کی ادائیگی میں کمی اور کوتاہی نہیں برتنی چاہیے۔
عام طور سے بھائیوں میں اختلاف کی سب سے بڑی وجہ گھر کی زمین و جائیداد میں ایک دوسرے کی حق تلفی کرنا ہے اور اس مسئلے کا حل بھی اللہ تعالی نے قرآن پاک میں بیان فرما دیا ہے کہ

اور رشتہ داروں کو ان کا حق دو اور مسکین اور مسافر کو اور فضول خرچی نہ کرو۔( بنی اسرائیل 17 ،26 )
لہذا اگر زمین و جائیداد کے معاملے میں ہم پوری دیانتداری کا مظاہرہ کریں، تو ان شاءاللہ بھائیوں میں اختلاف کا دروازہ ہی نہیں کھلے گا اور ہمارا گھر ترقیوں کی جانب رواں دواں رہیگا۔
بلا شبہہ قرآن کریم قیامت تک مسلمانوں کے لئے ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، اس میں ہماری زندگی کے تمام مسائل کا حل موجود ہے، لیکن ہماری سب سے بڑی کمزوری یہ ہے کہ ہم قرآن کی تلاوت تو کرتے ہیں، لیکن اس کے معانی اور مفاہیم کو نہیں سمجھتے، اسی لیے ہم قرآن سے ایک ضابطہ کے طور پر مستفید نہیں ہو پاتے، لہذا ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم قرآن کے ترجمہ کو سمجھ کر پڑھیں اور تلاوت کے ساتھ ساتھ اس کے ترجمے کو پڑھنے پڑھانے کا ماحول بنائیں تاکہ عوام الناس بھی قرآن کے ترجمہ سے مکمل طور سے آگاہی حاصل کریں اور اپنے خاندانی مسائل کا باآسانی حل تلاش کرسکیں۔

مزید پڑھیں:  پوتے کو دادا کی میراث سے حصہ کیوں نہیں ملتا؟