تنزانیہ میں شدید بارشیں اور سیلاب، 47 افراد جاں بحق، 85 زخمی

ویب ڈیسک: تنزانیہ میں شدید بارشوں اور سیلاب کے ساتھ ساتھ تودے گرنے سے 47 افراد جاں بحق جبکہ 85 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق تنزانیہ کے شمالی حصوں میں شدید بارشوں، سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے ماہرین کے اندازے کے مطابق 47 افراد جاں بحق جبکہ 85 زخمی ہو گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے، ا ن کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ دارالحکومت ڈوڈوما سے تقریباً 300 کلومیٹر شمال میں واقع شہر کاٹیش حالیہ بارشوں اور طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ اس حوالے سے اموات میں اضافے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
موسمیاتی تبدیلی کے بعد سب سے زیادہ تباہی پھیلانے والی بارشیں اس سال ریکادڑ کی گئی ہیں۔ تنزانیہ میں ہونیوالی ان بارشوں سے نہ صرف عوام متاثر ہوئے ہیں بلکہ اس سے پورا انفراسٹرکچر بھی تباہ ہو کر رہ گیا ہے.
تمام سڑکیں کیچڑ، پانی اور پتھروں سے اٹ چکی ہیں۔ اس کے علاوہ ماہرین کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان بارشوں سے فصلوں کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے اس لئے اشیائے خوردونوش کی قلت کا بھی سامنا ہو سکتا ہے۔

مزید پڑھیں:  ڈالر مزیدسستا ،پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی