ایٹا ٹیسٹ میں حصہ لینے والے خصوصی افراد کیلئے فیس معاف

ویب ڈیسک :نگران وزیر اعلیٰ نے خصوصی افراد کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے ایٹا کے تحت ہر قسم کے ٹیسٹ میں حصہ لینے والے معذور امیدواروں کے لئے ٹیسٹ فیس معاف کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔
خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت ایٹا کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اب ایٹا کے تحت کسی بھی ٹیسٹ میں حصہ لینے والے معذور امیدوار ٹیسٹ فیس جمع کرانے سے مستثنیٰ ہونگے۔
اجلاس میں بورڈز امتحانات اور ایٹا کے تحت ٹیسٹس میں نقل کی روک تھام سے متعلق امور پر غوروخوص‘امتحانات اور ٹیسٹس میں نقل کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے موثر تدارک کے لئے لائحہ عمل ترتیب دینے اورامیدواروں کو نقل میں معاونت فراہم کرنے والے نیٹ ورکس کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ۔
نگران صوبائی وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں قائم کمیٹی اس سلسلے میں تمام قانونی اور تیکنیکی پہلوو¿ں کا جائزہ لے کر حتمی سفارشات پیش کرے گی۔
اجلاس میں مختلف ایٹا ٹیسٹس کے دوران امیدواروں سے ضبط کئے گئے موبال فونز کو ڈسپوز آف کرنے کے سلسلے میں طریقہ کار وضع کرنے کے لئے کمیٹی قائم کرنے کا بھی فیصلہ بھی کیا گیا ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ارشد حسین نے کہا کہ امتحانات میں نقل ایک ناسور اور معاشرے کے خلاف جرم ہے، اس کی موثر روک تھام کے لئے سخت سے سخت اقدامات کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں تمام شراکت دار محکمے اور ادارے مل کر ایک جامع اور موثر لائحہ عمل تیار کریں۔

مزید پڑھیں:  پشاور: صوبائی وزیر ارشد ایوب سے کامیاب مذاکرات کے بعد بلدیاتی نمائندوں کا احتجاج ملتوی