ارنم ہسپتال کے مرکزی داخلہ راستہ کو آسان بنانے کی منظوری

ویب ڈیسک: گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کی زیرصدارت ارنم ہسپتال پشاور میں مریضوں، تیمار داروں سمیت دیگر افراد کی آمدورفت سہل بنانے اور پارکنگ مسائل کے حل سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس گورنرہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں نگراں صوبائی وزیر بلدیات انجینئر عامر درانی، سیکرٹری بلدیات داؤد خان، سیکرٹری محکمہ صحت محمود اسلم، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے کیپٹن (ر) محمد خالد،ڈائریکٹر ارنم ہسپتال ڈاکٹر عاکف اللہ، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر مظہر ارشاد سمیت دیگرحکام متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ ارنم ہسپتال انتظامیہ کی درخواست پر بلائے گئے اجلاس میں پشاور یونیورسٹی میں قائم ارنم ہسپتال کے مرکزی داخلہ گیٹ کے قریب قائم پولیس چیک پوسٹ کے باعث ہسپتال میں مریضوں کی آمدورفت کو درپیش مسائل و تکالیف پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ارنم ہسپتال کے مرکزی داخلہ راستہ کو آسان بنانے کی اصولی منظوری دی گئی اور فیصلہ ہوا کہ تمام متعلقہ محکمے پشاور یونیورسٹی انتظامیہ اور محکمہ پولیس کو مشاورتی عمل میں شامل کرکے مکمل نقشہ بناکر آئندہ اجلاس میں پیش کریں، اس موقع پر گورنر نے ارنم ہسپتال کی طبی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کیلئے الگ مرکزی داخلہ راستہ ہونا چاہئے جس سے ٹریفک مسائل کا سامنا بھی نہ ہو اور مریضوں کو ہسپتال داخل ہونے میں مشکلات سے بھی نہ گزرنا پڑے، انہوں نے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے کو محکمہ پولیس، پشاور یونیورسٹی اور ارنم ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ ملکر باہمی مشاورت سے مستقبل کی ضروریات کے مطابق مسئلہ کا فوری حل نکالنے کی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں:  دیر بالا، ڈرائیور دے بے قابو کوسٹر کھائی میں جا گری، 7 افراد شدید زخمی