بلاول بھٹوزرداری

خواتین کویکساں مواقع فراہم کرنامنشورکاحصہ ہے،بلاول بھٹوزرداری

ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے ویمن ورکرز کنوشن کا پشاور میں انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹوزرداری نے بطور خاص شرکت کی۔ ویمن ورکرز کنوشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ سندھ میں غربت مکاو پروگرام شروع کیا گیا ہے، اس پروگرام کے تحت خواتین کو بلاسود قرضے دیئے جائیں گے۔
بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ خواتین کو یکساں مواقع فراہم کرنا ہمارے منشور کا حصہ ہے۔ پی پی پی کی جدو جہد میں خواتین نے ہمیشہ صف اول کا کردار ادا کیا، جنرل ضیاء کی آمریت کا بے نظیر بھٹو نے خواتین کے ساتھ ملکر خاتمہ کیا اور امت مسلمہ کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت کی بہتری خواتین کو کاروباری مواقع فراہم کرنے سے جڑی ہے، جب تک انہیں برابر مواقع نہیں دیئے جاتے تب تک ملکی معیشت نہیں سنبھل سکتی، ہر شعبے میں خواتین کو یکساں مواقع فراہم کرنا ہمارے منشور کا حصہ ہے۔
چیئرمین پی پی پی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم سب مل کر پاکستان اور خیبرپختونخوا کی تقدیر بدلیں گے۔
اس موقع پر سینیٹر روبینہ خالد نے بھی خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ صوبے کے ساتھ 10 سال بہت ظلم کیا گیا، پی پی پی نے خواتین کیلئے سب سے زیادہ کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کو وزیراعظم بنائیں گے، آج سے بلاول وزیر اعظم مہم کا اغاز کرینگے۔
سینیٹر روبینہ خالد کا کنوشن سے کہنا تھا کہ پی پی پی نے خواتین کیلئے سب سے زیادہ کام کیا ہے، سندھ میں صحت کے شعبے میں جو اقدامات کیے گئے وہ کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، ہمیں بھی اسی طرح کے ہسپتال خیبر پختونخوا میں چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے ہاتھ میں ہنر چاہتے ہیں تاکہ وہ کسی کی محتاج نہ رہے، نقلی تبدیلی نے صوبے کا نظام تباہ کر کے رکھ دیا، بلاول وزیر اعظم بن کر خیبر پختونخوا کے مسائل حل کریں گے۔
یاد رہے کہ کنونشن کے میزبان سید ظاہر علی شاہ کی جانب سے بلاول بھٹوزرداری کو روایتی چادر کا تحفہ دیا گیا۔

مزید پڑھیں:  لاہور، فلسطینی پرچم اٹھا کر طلبہ کے احتجاج پر امریکی کنسرٹ منسوخ