ترکیہ، رکن پارلیمنٹ فلسطین کی حمایت میں تقریر کے دوران چل بسے

ویب ڈیسک: اسرائیل کے ہاتھوں زیر عتاب فلسطین کے حق میں دنیا بھر سے صدائیں اٹھنے لگی ہیں جن میں نہ صرف اسلامی ممالک شامل ہیں بلکہ غیر مسلم ممالک بھی اسرائیل کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فلسطین کی حمایت اور اسرائیل کے خلاف تقریر کرتے ہوئے ترکیہ کے رکن پارلیمنٹ دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے انتقال کر گئے۔ رکن پارلیمنٹ حسن بٹمیز کا تعلق اپوزیشن سے تھا جو اسرائیل اور فلسطین کے مابین کشیدگی پر تقریر کر رہے تھے۔
54 سالہ حسن بٹمیز کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن تب تک وہ انتقال کر چکے تھے۔ وہ سینٹر فار اسلامک یونین ریسرچ کے چیئرمین بھی تھے۔ اپنی آخری تقریر میں انہوں نے ترکیہ پر بھی الزام لگایا۔
رکن پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ اگر تاریخ خاموش رہی تو بھی سچائی خاموش نہیں رہے گی، اسرائیل سمجھتا ہے کہ اگر وہ ہم سے جان چھڑا لے تو کوئی مسئلہ نہیں رہے گا، انہوں نے اسرائیل کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ اگر آج تاریخ کے عذاب سے بچ بھی جاؤ تو اللہ کے غضب سے تم نہیں بچ سکو گے۔ یاد رہے کہ اسرائیلی افواج نے فلسطین میں قتل و غارت گری کا بازار گرم کر رکھا ہے.

مزید پڑھیں:  سیکرٹری الیکشن کمیشن سید آصف حسین مستعفی