بینظیر بھٹو کی آج 16 ویں برسی

سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی آج 16 ویں برسی منائی جا رہی ہے

ویب ڈیسک: پاکستان اور مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بینظیر بھٹو کی آج 16 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔
اوائل عمری سے اقتدار اور آسائشیں دیکھنے والی ذوالفقار علی بھٹو کی پنکی کو جب میدان سیاست میں اُترنا پڑا تو پھر بہادری، پہاڑ جیسا حوصلہ اور کمال قائدانہ صلاحیتوں کے اوصاف ان کی سیاست میں نظر آئے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے برسی کی مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش بھٹو میں منعقد کی جارہی ہے جہاں جلسے سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو، شریک چیئرمین آصف زرداری سمیت مرکزی رہنما خطاب کریں گے۔
تقریب میں شرکت کیلئے بلاول بھٹو، سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور اور آصفہ بھٹو نوڈیرو ہاؤس پہنچ گئے۔
برسی کی تقریب کا آغاز صبح 9 بجے قرآن خوانی سے ہوا ہے جبکہ جلسے کا آغاز دوپہر دو بجے مشاعرے سے ہوگا۔
18اکتوبر کے دہشت گرد حملے کے باوجود محترمہ 27 دسمبر 2007ء کو لیاقت باغ راولپنڈی جلسہ گاہ پہنچیں، جلسہ کے اختتام پر خودکش حملے میں انہیں شہید کر دیا گیا، محترمہ بینظیر بھٹو کی شخصیت وکردار آج بھی لاکھوں لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے۔
بینظیر بھٹو کے قتل کا الزام کبھی پرویز مشرف اور پرویز الہٰی پر دھرا گیا تو کبھی آصف زرداری اور ان کے قریبی رفقاء نے قاتلوں کو جاننے کا دعویٰ کیا.
بی بی شہید کے قتل کا الزام کالعدم تنظیموں پر عائد کیا جاتا رہا اور اسٹیبلشمنٹ، عالمی قوتوں کی سازش بھی قرار دیا گیا، متعدد انکوائریاں کرائی گئیں مگر اصل حقائق پر آج بھی پردہ پڑا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ آج بینظیر بھٹو کی برسی پر صوبہ بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے.
نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے برسی کی مناسبت سے سندھ بھر میں عام تعطیل کی منظوری دی، آج تمام سرکاری، نجی ادارے، لوکل کونسلز اور صوبائی حکومت کے انتظامی ادارے بند رہیں گے۔

مزید پڑھیں:  ترکیہ کا عالمی عدالت میں اسرائیل کیخلاف فریق بننے کا فیصلہ