نیوٹرا سیوٹیکل

وٹامن ڈی اور کیلشیم کی دوائیاں نیوٹرا سیوٹیکل نام سے مہنگی فروخت کرنے کی شکایات

ویب ڈیسک: وٹامن ڈی اور کیلشیم کیلئے مارکیٹ میں دستیاب سو روپے کی گولیوں کو نیوٹرا سوٹیکل کے نام سے 8سو سے ایک ہزار روپے تک فروخت کرنے کی شکایات ہیں۔
محکمہ صحت ذرائع کے مطابق کلینکس کرنے والے تقریباً تمام ڈاکٹرز مریضوں کو مذکورہ ادویات تجویز کررہے ہیں جس سے کمپنیاں مریض سے ایک پیک میں سات سے آٹھ سو روپے منافع وصول کررہی ہیں،
لیکن اس کی روک تھام کیلئے ڈرگ کنٹرول اینڈ فارمیسی ڈائریکٹوریٹ سے کسی قسم کا ایکشن نہیں لیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وٹامن ڈی اور کیلشیم کی کمی کو پورا کرنے کیلئے سو سے ایک سو بیس روپے قیمت والی دوائیوں کو نیوٹراسوٹیکل ادویات کی فہرست میں شامل کر کے غیرملکی کمپنیوں نے مختلف ناموں سے مارکیٹ کو سپلائی کر دیا ہے جو کہ سو روپے کے بجائے مارکیٹ میں آٹھ سو روپے سے ایک ہزار روپے کی قیمت پر لوگوں کو بیچی جارہی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جائزہ سروے کے دوران معلوم ہوا ہے کہ ڈاکٹرز ستر فیصد مریضوں کو نیوٹراسوٹیکل ادویات تجویز کررہے ہیں، زیادہ مارجن ہونے کے علاوہ یہ دوائیاں مریضوں کو تجویز کرنے کے بدلے ڈاکٹرز کیلئے دوسری مراعات بھی شامل ہوتی ہیں جس سے ان ادویہ کو تجویز کرنا ڈاکٹرز کی ڈیوٹی بن گئی ہے اور مریضوں کی صحت کا کوئی بھلا نہیں ہورہا ہے۔
اس حوالے سے ڈرگ اینڈ فارمیسی ڈائریکٹوریٹ کے ذرائع نے بتایا کہ ادویات کیلئے قیمتوں کا تعین ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کا اختیار ہے، صوبائی سطح پر جعلی اور غیرمعیاری ادویات کیخلاف ایکشن لیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیبارٹریز رپورٹس میں نیوٹراسیوٹیکل کے بارے میں اس طرح کی شکایات نہیں اس لئے ایکشن لینے کیلئے کوئی وجہ نہیں۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی بمباری سے مزید 40 فلسطینی شہید، درجنوں زخمی