انتخابی نشان بیٹ کا معاملہ، الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت درخواست دائر

ویب ڈیسک: پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان بیٹ کی بحالی کا معاملہ ایک بار پھر عدالت جا پہنچا۔ پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کےباوجود الیکشن کمیشن کی جانب سے سرٹیفیکٹ جاری نہیں کیا گیا جس پر پاکستان تحریک انصاف نے پشاور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر دی۔
دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود الیکشن کمیشن نے ابھی تک پی ٹی آئی کو سرٹیفیکٹ جاری نہیں کیا۔ الیکشن کمیشن عدالتی فیصلے سے باخبر ہے، اس کے باوجود احکامات نظر انداز کر رہی ہے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عدالت کے واضع احکامات کے باوجود فریقین پی ٹی آئی کے عام انتخابات کی راہ میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کا یہ اقدام توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، درخواست میں ان کیخلاف کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ انتخابی نشان بیٹ اور انٹرا پارٹی انتخابات کے حوالے سے پشاور ہائیکورٹ نے فیصلہ جاری کیا ہے اسے نہ ماننے پر پی ٹی آئی نے توہین عدالت درخواست دائر کی ہے جس میں چیف الیکشن کمینشر، سیکرٹری، اور ممبران الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  سائبر کرائم ایف آئی اے سے علیحدہ ،نئی اتھارٹی بنا دی گئی