عمران خان

پلان سی نہیں بتاسکتے ورنہ ویگو ڈالا پہنچ جائے گا‘عمران خان

8فروری کو جو سماں ہوگا وہ منظر ہی کچھ اور ہوگا، نواز شریف کا نام الیکشن تک ای سی ایل پر ڈالا جائے ہار گیا تو دوبارہ لندن بھاگ جائے گا
ویب ڈیسک :پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک زندہ ہوں لڑتا رہوں گا غلامی قبول نہیں کروں گا پلان سی نہیں بتاسکتے ورنہ پھر ویگو ڈالا پہنچ جائے گا۔
اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آٹھ فروری کو جو سماں ہوگا وہ منظر ہی کچھ اور ہوگا، نواز شریف کا نام الیکشن تک ای سی ایل پر ڈالا جائے ہار گیا تو دوبارہ لندن بھاگ جائے گا۔
قران پاک میں ہے کہ جو معاشرے امر باالمعروف و نہی عن المنکر پر نہیں چلتے وہ تباہ ہو جاتے ہیں، قرآن میں یہ بھی ہے کہ منافق بدی کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں اور اچھائی کے خلاف جاتے ہیں، انصاف کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔
عمران خان نے کہا کہ لوگوں کو اٹھا اٹھا کر سافٹ ویئر اپڈیٹ کیا جاتا ہے یہ سافٹ ویئر اپڈیٹ کے اسپیشلسٹ بن چکے ہیں، ویگو ڈالا اٹھا کر لے جاتا ہے اس کے بعد پتا چلتا ہے کہ بندے کا سافٹ ویئر اَپ ڈیٹ ہوگیا۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی تمام قیادت کو اڑا دیا گیا انتخابی نشان تک لے لیا گیا پی ٹی آئی کے امیدواروں کو گندے گندے نشانات دیے گئے لوگوں کو اٹھا اٹھا کر نو مئی میں ڈالا جا رہا ہے مریم کے فلیٹس کو کیوں نہیں پوچھا جاتا؟ نواز شریف مریم نواز اور زرداری نے توشہ خانہ سے گاڑیاں لیں ان سے کیوں نہیں پوچھا جا رہا؟
عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دیکھنا ہے ہمارے امیدوار انتخابی مہم کے لیے نکلتے ہیں تو ان پر ایف آئی آر کٹ جاتی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات خراب کرلیے گئے ہیں خارجہ پالیسی پر کسی کی توجہ نہیں ہے، پلان سی نہیں بتاسکتے ورنہ پھر ویگو ڈالا پہنچ جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جیل میں موبائل فون سے آزاد ہوگیا ہوں، ریلیکس ہونے کا ٹائم بھی مل جاتا ہے اور ورزش بھی کر لیتا ہوں، قوم کو فیصلہ کرنا ہے کہ انہیں غلام بننا ہے یا آزاد قوم، یہ جنگ آزادی کی جنگ ہے کیا ہم نے ہمیشہ طاقت ور کی غلامی کرنی ہے، جب تک زندہ ہوں لڑتا رہوں گا غلامی قبول نہیں کروں گا ۔

مزید پڑھیں:  غزہ پر کنٹرول، اسرائیلی وزیر دفاع اپنی ہی حکومت پر برس پڑے