پاک ایران تعلقات بحال، سفراء واپس اپنے عہدے سنبھالنے کو تیار

ویب ڈیسک:پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدہ صورتحال میں بہتری آنے کے بعد دونوں ممالک کے سفیر 26 جنوری سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔
ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور ایران نے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کے بعد اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ اسلام آباد اور تہران کے سفیر 26 جنوری سے دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کی دعوت پر ایرانی وزیر خارجہ حسین عامر عبدالہیان 29 جنوری کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔
واضح رہے کہ ایرانی سیکیورٹی فورسز نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان کی سرحد سے منسلک علاقے پنجگور میں میزائل داغے تھے جس کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔
ایرانی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران نے کالعدم تنظیم جیش العدل کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے تباہ کیا ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ پاکستانی حکام نے ایرانی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرتے ہوئے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا تھا اور موقف اختیار کیا تھا کہ خودمختاری پر حملہ کسی صورت قابل قبول نہیں، اور اس کے بعد جوابی کارروائی میں پاکستان نے ایران میں بی ایل اے اور بی ایل ایف کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔

مزید پڑھیں:  امریکی قونصل جنرل کی حکومت کومعاشی معاملات میں تعاون کی یقین دہانی