خدارا خانہ خدا کی تقدس کا خیال رکھیئے

حیات آباد پشاور کی مسجد میں امام کی جانب سے جمعہ کے خطبہ کے دوران تحریک انصاف کے قائد کے حوالے سے کلمات کی ادائیگی پر مسجد میں ہنگامہ برپا ہوگیا مسجد میں موجود پی ٹی آئی کے ایک رہنما نے امام مسجد کو ٹوکا ۔ نماز جمعہ کے خطبہ کے دوران سیاسی گفتگو شروع کی گئی تو پی ٹی آئی کے مسجد میں موجود ورکرز نے امام مسجد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسجد ہے اللہ کا گھر ہے یہاں صرف دین اور اسلام کی بات ہوگی سیاست پر بات نہ کریں اس موقع پر نازیبا الفاظ کے استعمال کی بھی بازگشت ہے بہرحال اس سے قطع نظر مسجد میں سیاست کے موضوع پر اس طرح کاخطاب جوتوہین اور تضحیک کے زمرے میں آتا ہے قطعاً نامناسب اور نازیبا امر ہے جس کے ارتکاب کی علمائے کرام سے توقع نہیں رکھی جا سکتی منبر سے اگر اس طرح کی گفتگو ہوگی توپھر اس کا جو ردعمل ہوگا وہ ہر دوجانب سے مسجد کے احترام کی پائمالی ہی کا موجب ہوگا جوشعائر اسلام کی بے حرمتی اور گناہ کا سبب امر ہے جس سے اجتناب کا بہتر طریقہ ایسی وعظ ونصیحت ہے جس میں دینی اورشرعی طور پر ووٹ کی اہمیت اور امیدواروں کی اہلیت پرمعروضی انداز میںبات کی جائے علماء سے حکمت اور بصیرت کی توقع ہے نہ کہ تنازعہ کھڑا کرنے اور نمازیوں کی عبادت میںخلل ڈالنے اور مسجد کے تقدس کو مجروح کرنے کے حالات پیدا کرکے۔ بہتر ہو گا کہ علمائے کرام مساجد و منبر کو اپنی پسندیدہ سیاسی جماعتوں کا پرچار کرنے کی بجائے اپنے خطبات کو اصلاحی درس و تدریس تک محدود رکھیں۔

مزید پڑھیں:  اب نہیں تو کب ؟