19 یونیورسٹیز میں وی سیز کی تقرری کیلئے انٹرویوز، 190سے زائد امیدوار شریک

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کی19 یونیورسٹیزمیںوائس چانسلرزکی تقرری کےلئے انٹرویوزکا سلسلہ مکمل کرلیا گیاہے۔
انٹرویوز میں 190سے زائد امیدوار شریک ہوئے ہیں جن میں مختلف یونیورسٹیزکے سابق وائس چانسلرز بھی شامل بتائے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ ایک سال سے سرکاری یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز اپنی تین سالہ مدت مکمل کرنے کے بعد سبکدوش ہوئے ہیں اس وقت 19 یونیورسٹیز میں مستقل وائس چانسلر موجود نہیں ہیں۔
ان خالی عہدوں پر تقرری کیلئے سرچ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر کوثر عبدالملک تھے۔ سرچ کمیٹی کی جانب سے خیبر پختونخوا ہاﺅس اسلام آباد میں انٹرویوز کا شیڈول جاری کیا گیا تھا اور 190 سے زائد امیدواروں کو مرحلہ وار طور پر طلب کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق یہ سلسلہ مکمل ہوگیا ہے۔ دوسرے مرحلے میں امیدواروں کی شارٹ لسٹنگ کی جائے گی اور اس کے بعد گورنر کی منظوری کے ساتھ 19 امیدواروں کو تقرر نامے جاری کر دئیے جائیں گے ۔

مزید پڑھیں:  سرکاری آسامیاں ختم،آئی ایم ایف کو کفایت شعاری پلان پیش