اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کاوفاق اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک : پاکستان تحریک انصاف نے بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر وفاق اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے ۔
اسلام آباد میں قومی وطن پارٹی کے رہنما کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت پر پاکستان تحریک انصاف وفاق اور پنجاب میں اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر سیاسی جماعتوں سے رابطے کررہے ہیں، بڑے پیمانے پر جن کا حق بنتا ہے انکے نتائج تبدیل کئے گئے، آئندہ آنے والی نسلوں کو ان حالات کے نتائج بھگتنا پڑتے ہیں۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر ہم نے مرکز اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ، جماعت اسلامی، جے یو آئی اور محمود خان اچکزئی نے بھی احتجاج کیا ہے جبکہ آفتاب شیر پاؤ نے ہماری بات سنی ہے۔
رہنماءپی ٹی آئی نے مزید کہا کہ فارم 45 ثبوت ہیں ہمارے امیدوارجیتے ہیں مگر فارم 47 میں نتائج تبدیل کیے گئے‘ہرپانچ سال بعد الیکشن ہوتے ہیں اورمتنازع ہوجاتے ہیں، انتخابات کا مقصد فوت ہوگیا ہے۔
اس موقع پرقومی وطن پارٹی کے سربراہ سکندر حیات خان نے کہا کہ ہمیں بھی الیکشن کے نتائج پر شدید تحفظات ہیں، تحریک انصاف کی جانب سے کی جانے والی پیش پش پر پارٹی سے مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

مزید پڑھیں:  چارسدہ، افغان لڑکیوں کی تعلیم کیلئے غیر سرکاری تنظیم متحرک