امیدوار نامزد

خیبرپختونخوا اسمبلی: وزیراعلیٰ،سپیکر اور ڈپٹی سپیکرکیلئے ن لیگ کے امیدوار نامزد

ویب ڈیسک:خیبرپختونخوا اسمبلی کے قائدایوان، سپیکر اورڈپٹی سپیکر کا بلامقابلہ انتخاب روکنے کیلئے ن لیگ نے مقابلے پر اپنے امیدوار اتارد ئیے ہیں جبکہ اپوزیشن لیڈرکے طور پربھی ن لیگ نے اپنے ایک ممبر اسمبلی کونامزد کیاہے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں اس وقت جمعیت علما ئے اسلام پاکستان کی سات جنرل اور2مخصوص نشستیں ہیں پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کی چارجنرل نشستیں اورخواتین کی ایک مخصوص نشست جبکہ ن لیگ کے پاس پانچ جنرل نشستیں اورخواتین کی دو مخصوص نشستیں ہیں۔
عددی لحاظ سے جے یو آئی اپوزیشن کی بڑی جماعت ہے لیکن فی الحال یہ جماعت متحدہ اپوزیشن سے لاتعلق نظر آرہی ہے عوامی نیشنل پارٹی کی اسمبلی میں ایک نشست اورپاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کی دو نشستیں ہیں اپوزیشن کے تمام ممبران کو ملاکر مجموعی تعداد24بنتی ہے ۔
علی امین گنڈا پورکے مقابلے میں ن لیگ کی جانب سے ڈاکٹر عباد اللہ کو وزیراعلیٰ کے عہدے کیلئے نامزدکیاگیاہے، ڈاکٹرعباد اللہ نومنتخب ایم این اے امیرمقام کے بھائی اور پہلی مرتبہ ایم پی اے منتخب ہوئے ہیں تاہم وہ اس سے قبل دو مرتبہ رکن قومی اسمبلی رہے ہیں صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرکیلئے بھی وہ امیدوار ہوں گے ۔
صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے اختتام کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرعباد اللہ نے کہا کہ دس سالوں سے مسلط اس فتنے نے جو کچھ اسمبلی ہال میں کیا وہ ناقابل بیان ہے نہ اس پارٹی کا لیڈر چاہتا ہے اور نہ ہی پارٹی چاہتی ہے کہ اس ملک میں استحکام ہو۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں وزیر اعلی کے عہدے کیلئے جن شخصیت کو نامزد کیا گیا ہے ان کے گفتار سے سب واقف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے احسان اللہ میانخیل کو سپیکر اور ارباب وسیم کوڈپٹی سپیکر کیلئے نامزد کیاہے انہوں نے کہا کہ جے یو آئی سے بھی متحدہ اپوزیشن میں شامل ہونے کی درخواست کی ہے۔

مزید پڑھیں:  غزہ میں مزید 39 فلسطینی اسرائیلی بربریت کی بھینٹ چڑھ گئے