امریکی سفیر

امریکی سفیر کی صدر آصف زرداری اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقاتیں

ویب ڈیسک: پاکستان میں تعینات امریکی سفیر نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پہلے اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس میں انہوں نے وزارت خارجہ کا منصب سنبھالنے پر اسحاق ڈار کو مبارک باد پیش کی، بعد ازاں امریکی سفیر کی صدر مملکت سے بھی ملاقات ہوئی۔
صدر مملکت نے ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے مابین تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے مواقع تلاش کرنا ہوں گے، معیشت کو درست سمت پر گامزن کرنا، اقتصادی اور سکیورٹی چیلنجز پر قابو پانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی کاروباری اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری ، جدید کاروباری آئیڈیاز لانے کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے، ۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات سات دہائیوں پر محیط ، دیرینہ اور وسیع البنیاد ہیں ، پاکستان اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔

مزید پڑھیں:  مردان :موٹر سائیکلوں کے تصادم میں ایک شخص جاں بحق ،دو زخمی