جاں بحق افراد کی تعداد

خیبرپختونخوا :بارشوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 63تک جا پہنچی

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں تیز بارشوں کے باعث ہونے والے مختلف حادثات کے دوران جاں بحق افراد کی تعداد 63تک جا پہنچی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)نے خیبرپختونخوا میں بارشوں کے باعث 12 اپریل سے اب تک ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جاری کر دیں، جس کے مطابق اب تک صوبے بھر میں بارش کے باعث مختلف حادثات میں 63 افراد ہلاک اور 78کے قریب زخمی ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث مختلف حادثات میںجاں بحق ہونے والے افراد میں 33بچے، 15مرد اور 15خواتین شامل ہیں جبکہ اس دوران 11خواتین، 33مرد اور 16بچے زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور 3ہزار 202مکانات کو نقصان پہنچا جس میں 477گھروں کو مکمل جبکہ 2ہزار 725گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق موسلا دھار بارشوں کے باعث صوبے بھر میں 27 اسکولوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ سیلاب اور بارش سے 355جانور بھی متاثر ہوئے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مزید بتایا کہ حکومت کی جانب سے متاثرین کے لیے 110 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں جبکہ قبائلی اضلاع کے لیے 90 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں۔
تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی حادثات ضلع خیبر، دیر اپر و لوئر،چترال اپرولوئر، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مہمند، مالاکنڈ، کرک، ٹانک، مردان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بونیر، ہنگو، بٹگرام سمیت دیگر اضلاع میں ہوئے۔

مزید پڑھیں:  لاہور، فلسطینی پرچم اٹھا کر طلبہ کے احتجاج پر امریکی کنسرٹ منسوخ