علی امین گنڈا پور

خیبر پختونخوا کے کسانوں سے 3لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدی جائیگی،علی امین گنڈا پور

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے مقامی کسانوں سے تین لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ نے پی آر سی کا دورہ کرکے رواں سیزن کے لئے گندم کی خریداری کے عمل کا باضابطہ افتتاح کردیا،صوبائی وزیر خوراک و دیگر حکام بھی ہمراہ تھے ۔
متعلقہ حکام کی طرف سے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کو گندم خریداری اور سٹوریج سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی ۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے مقامی کسانوں سے تین لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدی جائے گی جبکہ ڈئی آئی خان کے مقامی کسانوں سے 40ہزار میٹرک ٹن گندم خریدی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ گندم کی خریداری 3900 روپے فی 40 کلو کے حساب سے کی جائے گی،اسی طرح مجموعی طور پر 29ارب روپے مالیت کی گندم خریدی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کی خوشحالی اور سہولیات کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے، گندم خریداری میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیںشفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ڈسٹرکٹ کی سطح پر کمیٹیاں بنائی گئی ہیں جبکہ اس مقصد کے لئے کنٹرول روم کے قیام کے علاوہ آن لائن ایپ بھی متعارف کرائی گئی ہے۔
علی امین گنڈا پور کا مزید کہنا تھا کہ رشوت دینے اور لینے والے دونوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی،مقامی کاشتکاروں سے گندم خریدنے سے 12 ارب کا فائدہ ہوا جو کہ گوداموں کی تعمیر و مرمت میں استعمال کریں گے۔
مقامی کاشتکاروں سے گندم کی خریداری پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر ہوگی، مقامی کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی اور ان کی حوصلہ افزائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کسان کو اس کا حق بغیر سفارش کے ملے۔

مزید پڑھیں:  سورج سوا نیزے پر ، ملک بھر میں شدید گرمی کی وارننگ جاری