عدلیہ سے سوال ہے کہ شرپسند عناصر کو سزا کیوں نہیں دی گئی،مریم نواز

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ 9مئی کا حملہ قوم کے دلوں پر حملہ تھا جس کی منصوبہ بندی 4 ماہ تک کی گئی،عدلیہ سے سوال ہے کہ شرپسند عناصر کو سزا کیوں نہیں دی گئی۔
جناح ہائوس لاہور میں شہدا کے لواحقین کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ 9مئی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جن خواتین اور مرد حضرات نے یہ حملہ کیا وہ سزا کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جناح ہائوس قائداعظم محمد علی جناح کے نام سے منسوب ہے، ایک دہشت گرد جماعت نے پوری منصوبہ بندی سے جناح ہاس پر حملہ کیا، پاکستان سے محبت کرنے والا اس طرح کے سانحے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ 9مئی کا حملہ قوم کے دلوں پر حملہ تھا جس کی منصوبہ بندی 4 ماہ تک کی گئی، عدلیہ سے سوال ہے کہ شرپسند عناصر کو سزا کیوں نہیں دی گئی۔
مریم نواز نے کہا کہ شہدا کی یادگاروں اور حساس تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے اور گھناؤے عمل کے مرتکب لوگوں کو جیلوں میں ہونا چاہیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تقریب کے دوران لواحقین کے ساتھ مل کر شہداء کی یاد میں شمعیں بھی روشن کیں ۔

مزید پڑھیں:  ہماری حکومت کا تختہ کیوں الٹا گیا آج تک سمجھ نہ سکا، نواز شریف