اسلام آباد ہائیکورٹ

عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پرپابندی،اسلام آباد ہائیکور ٹ نے جواب طلب کرلیا

ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر پابندی کے خلاف درخواست پر پیمرا اور سیکرٹری انفارمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 28مئی تک جواب طلب کرلیا ۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عدالتی کوریج کرنے والے کورٹ رپورٹرز کی تنظیموں اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن اور پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے صدور فیاض محمود اور عقیل افضل کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزارکی جانب سے بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی اور اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ریاست علی آزاد عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے سماعت کے بعد جاری تحریری حکم نامے میں کہا کہ درخواست گزارکے وکیل کے مطابق پیمرا نے 19 مئی کو عدالتی کارروائی ٹی وی چینلز پر رپورٹ کرنے کی پابندی عائد کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا جو آئین کے آرٹیکل 19 اور 19اے کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوٹیفکیشن کے اجرا سے قبل اسٹیک ہولڈرز کو کوئی نوٹس بھی نہیں دیا گیا نوٹیفکیشن کے ذریعے کورٹ پروسیڈنگ سیٹلائیٹ ٹی وی چینلز پر رپورٹ کرنے کی پابندی عائد کی گئی۔
عدالت نے پیمرا کو ٹی وی چینلز کے خلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا۔
فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 28 مئی تک ملتوی کردی گئی۔

مزید پڑھیں:  قومی کرکٹ ٹیم کی خراب کارکردگی پر محسن نقوی کو مستعفی ہوجانا چاہئے ،بیرسٹر سیف