عیدالاضحی کیلئے سیکیورٹی و ٹریفک پلان تیار، پولیس کی اضافی نفری تعینات

ویب ڈیسک: کیپٹل سٹی پولیس پشاور کی جانب سے عیدالاضحی کیلئے خصوصی سیکیورٹی و ٹریفک پلان تشکیل دیدیا گیا ہے۔
اس حوالے سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ عیدالاضحی کے دوران 4 ہزار کے قریب پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی پلان کے تحت فرائض انجام دیں گے۔
اس دوران شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی بھی مزید سخت کردی گئی ہے۔
ابابیل سکواڈ، سٹی پٹرولنگ فورس اور پولیس موبائل گشت بڑھانے سمیت شہر بھر کی مویشی منڈیوں، اہم بازاروں اور شاہراہوں پر بھی اضافی پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔
عیدالاضحیٰ پر سیکورٹی پلان کے تحت سادہ کپڑوں میں بھی پولیس اہلکارتعینات ہونگے جو مشتبہ اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کی ذمہ داری پوری کرینگے۔
شہر کے گنجان آباد بازاروں میں سنیفر ڈاگز، لیڈیز پولیس اہلکار اور بم ڈسپوزل سکواڈ بھی تعینات رہے گا۔
اس دوران ٹریفک پولیس کی جانب سے بھی خصوصی ٹریفک پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس افسران واہلکار شہر میں ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے ڈیوٹی پر موجود رہیں گے۔
یاد رہے کہ عیدالاضحیٰ کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ یا ٹریفک جام کے مسائل سے بچنے کیلئے خصوصی سیکیورٹی و ٹریفک پلان تشکیل دیدیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  عمران خان کی توشہ خانہ نااہلی کیخلاف کیس کی سماعت ملتوی