گرانفروشی کے مرتکب 17 شیر فروش

گرانفروشی کے مرتکب 17 شیر فروش پابند سلاسل، کئی دکانیں سیل

گرانفروشی کے مرتکب 17 شیر فروش گرفتار ، پہاڑی پورہ میں 3 دودھ کی دکانیں سیل۔ نانبائیوں کو بھی وارننگ جاری کر دی گئی.
ویب ڈیسک: من پسند نرخ وصول کرنے پر 17 شیر فروش جیل منتقل، کئی دکانیں سیل کر دی گئیں۔ محکمہ خوراک کی جانب سے عوامی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے 17 شیر فروش جیل بھیج دیئے جبکہ متعدد کو وارننگ جاری کر دی گئی۔
محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام اور کمشنر پشاور کی ہدایت پر راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں پہاڑی پورہ اور شہر کے دیگر علاقوں میں دودھ کی دکانوں پر نرخوں بارے آگاہی حاصل کی گئی۔
سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے اور دودھ فی کلو 230 روپے سے 240 روپے فی کلو فروخت کرنے پر گرانفروشی کے مرتکب 17 شیر فروش جیل بھیج دیئَے گئے جبکہ اس دوران پہاڑی پورہ کے مختلف علاقوں میں 3 دکانوں کو سیل کردیا۔
محکمہ خوراک کے حکام نے دودھ فروشوں کو ہدایت کی کہ وہ فی کلو دودھ 180 جبکہ دہی 190 روپے فی کلو سرکاری نرخنامے کے مطابق فروخت کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے نانبائیوں کو بھی اس موقع پر ہدایت کی کہ وہ 15 روپے میں روٹی کی دستیابی یقینی بنائیں بصورت دیگر قانونی کارروائی کیلئے تیار رہیں۔
محکمہ خوراک کے افسران کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گرانفروش اپنا قبلہ درست کرلیں بصورت دیگر ان کی دکانوں کو سیل اور انہیں پابند سلاسل کیا جائیگا۔
ذرائع کے مطابق مہنگائی کے ستائے عوام کو آئے روز دکاندار نت نئے بہانے بنا کر لوٹ رہے ہیں، ایسے میں‌عوامی شکایت پر محکمہ خوراک کی جانب سے اقدام کو سراہا جا رہا ہے.

مزید پڑھیں:  پشاور: خیبر پختونخوا حکومت کا یکم محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلان