آٹا مزید مہنگا

ود ہولڈنگ ٹیکس کے نتیجے میں آٹا مزید مہنگاہونے کا امکان

ویب ڈیسک: وفاقی بجٹ میں ود ہولڈنگ ٹیکس عائد ہونے کے بعدآٹا مزید مہنگاہونے کا امکان ظاہر کیاجارہا ہے ،پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہفتے کو لاہور میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
فلور ملز مالکان نے گندم کی مصنوعات پر ودہولڈنگ ٹیکس واپس لینے کی اپیل کرتے ہوئے حکومت پر واضح کردیا ہے کہ اگر گندم کی مصنوعات پر ودہولڈنگ ٹیکس واپس نہ لیا گیا تو وہ اپنی فلور ملیں بند کرنے سمیت ہڑتال کی کال بھی دے سکتے ہیں۔
چیئرمین چوہدری عامر عبداللہ نے بتایا کہ ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ سے آٹا، میدہ اور فائن آٹا 7روپے فی کلو مہنگا ہو جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے بعد 10کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 106روپے کا اضافہ ہو جائے گا جبکہ میدہ، فائن آٹا کی قیمتوں میں 460روپے فی بوری کا اضافہ ہوجائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں صرف 2فیصد لوگ ٹیکس دیتے ہیں جبکہ 98فیصد سیلز ٹیکس سمیت دیگر ٹیکسز غریب عوام سے وصول کیا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گندم کی مصنوعات فروخت کنندہ ہول سیلر اور ریٹیلر پر ٹیکس کے نفاذ سے ان اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھنے سے عوام بری طرح متاثر ہوں گے۔
عامر عبداللہ نے واضح کیا کہ فلور ملز ود ہولڈنگ ٹیکس جمع کرنے کا کام نہیں کرسکتیں اور نہ ہی فلور ملیں حکومت یا ایف بی آر کا ذیلی ادارے ہیں۔

مزید پڑھیں:  9 مئی کیس، عدالت نے شاہ محمود قریشی کو جیل سے طلب کرلیا